نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سے ٹیلیفون پر گفتگو

"نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور بحرین کے وزیر خارجہ نے ٹیلیفونک گفتگو میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے بعد علاقائی صورتحال پر تبادلۂ خیال کرتے ہوئے امن، استحکام اور سفارت کاری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔”

اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔اتوار کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ’’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘‘ پر دستخط کے بعد خطے میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہونے پر مبارکباد دی اور باہمی مفاہمت کے حصول میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام میں معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ جنگ بندی کے حصول کے لیے وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی غیر معمولی کاوشوں پر ذاتی طور پر ان کا شکریہ ادا کر سکیں۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے ڈاکٹرعبد اللطیف بن راشد الزیانی کے نیک جذبات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور خطے سمیت دنیا بھر میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے مسائل کے پرامن حل کی حمایت جاری رکھے گا۔