غیر ملکی وفود کی اسلام آباد آمد پر اسلام آباد ٹریفک پولیس کی ٹریفک ایڈوائزری جاری

اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی)نے ٹریفک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے مسافروں کو آگاہ کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی وفود کی آمدورفت کی وجہ سے اہم سڑکوں پر ٹریفک کا رخ عارضی طور پر موڑ دیا جائے گا۔

اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی)نے ٹریفک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے مسافروں کو آگاہ کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی وفود کی آمدورفت کی وجہ سے اہم سڑکوں پر ٹریفک کا رخ عارضی طور پر موڑ دیا جائے گا۔آئی ٹی پی کے ایک اہلکار نے اتوار کو اے پی پی کو بتایا کہ ایکسپریس ہائی وے، جناح ایونیو، سرینگر ہائی وے، مری روڈ اور کلب روڈ پر مختلف اوقات میں ٹریفک کا رخ موڑ دیا جائے گا تاکہ غیر ملکی وفود کی محفوظ نقل و حرکت کو آسان بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ وفود کی نقل و حرکت کے دوران ان سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے ، مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ شیڈول کے مطابق اپنے سفر کی منصوبہ بندی کریں۔شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ جہاں تک ممکن ہو متبادل راستے یا ملحقہ سروس روڈز استعمال کریں تاکہ تکلیف اور ٹریفک کی بھیڑ سے بچا جا سکے۔اہلکار کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس کے اہلکار ٹریفک کو منظم کرنے اور وفود کی نقل و حرکت کے دوران مسافروں کی مدد کے لیے سڑکوں پر تعینات رہیں گے۔گاڑی چلانے والوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اضافی وقت کے ساتھ سفر کریں ،

ٹریفک پولیس اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں اور ٹریفک کو عارضی طورر پر موڑنے کے دوران صبر سے کام لیں۔اہلکار نے مزید کہا کہ ٹریفک کی مزید اپ ڈیٹس اور رہنمائی کے لیے، شہری اسلام آباد ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ چینل، اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو فالو کر سکتے ہیں یا ITP FM 92.4 سے رابطہ کر سکتے ہیں۔