پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اور سی ڈی اے مزدور یونین کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری اسد محمود بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے فرانس روانہ ہو گئے۔
پاکستان ورکرزفیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اسد محمود بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے فرانس روانہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اور سی ڈی اے مزدور یونین کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری اسد محمود بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے فرانس روانہ ہو گئے۔ کانفرنس کا انعقاد عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور گرین اکانومی کی جانب منصفانہ منتقلی اور مستقبل کی حکمت عملی کے لیے منعقد کی جا رہی ہے۔
پاکستان ورکرزفیڈریشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کانفرنس میں دنیا بھر کے 1400 سے زائد مندوبین شرکت کریں گے جبکہ جنوبی ایشیا کی نمائندگی پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اسد محمود کریں گے۔ فرانس روانگی سے قبل اپنے ایک بیان میں اسد محمود نے کہا کہ بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت پاکستان بھر کے مزدوروں خصوصا سی ڈی اے ملازمین اور میرے لئے اعزاز کی بات ہے ۔ مجھے بین الاقوامی فورم پر نہ صرف پاکستان بلکہ پورے جنوبی ایشیاء کی نمائندگی کا موقع مل رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ کانفرنس میں پاکستان اور دیگر ایشیائی ممالک میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور خصوصا گرین اکانومی کی طرف منتقلی سے مزدوروں کو درپیش مسائل اورتحفظات کو اجاگر کیا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں ملکی اور بین الاقوامی سطح کے اجلاسوں میں ورکرز کے نمائندوں کی شرکت کو یقینی بنانے کی تجویز بھی پیش کی جائے گی۔ انھوں نے بین الاقوامی سہولت کار تنظیموں ایس اے ایس ای اور ایف ای ایس سمیت ٹریڈ یونینز خصوصاً قائد مزدور یونین چوہدری محمد یٰسین سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے بین الاقوامی کانفرنس میں نمائندگی کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔








