راولپنڈی پولیس نے ضلع بھر کے گرجا گھروں کی سکیورٹی کے لیے جامع اور مؤثر انتظامات کیے ہیں جبکہ سینئر پولیس افسران خود فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی اقدامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔
راولپنڈی پولیس کی جانب سے ضلع بھر کے گرجا گھروں کی سکیورٹی کے لیے جامع و مؤثر انتظامات
راولپنڈی۔28جون (اے پی پی):راولپنڈی پولیس نے ضلع بھر کے گرجا گھروں کی سکیورٹی کے لیے جامع اور مؤثر انتظامات کیے ہیں جبکہ سینئر پولیس افسران خود فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی اقدامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق عبادت کے لیے آنے والے افراد کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے گرجا گھروں میں مکمل باڈی سرچنگ کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے، سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عبادت گزاروں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کریں۔
سی پی او کا کہنا ہے کہ اقلیتوں کے جان و مال کے تحفظ اور ان کی مذہبی آزادی کو یقینی بنانا راولپنڈی پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور اقلیتی برادری کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں جبکہ سکیورٹی انتظامات کی مسلسل مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے تاکہ شہری بلاخوف و خطر اپنی مذہبی عبادات انجام دے سکیں۔









