وائلڈ لائف پارکس وچڑیا گھروں کو موسم گرما کی شدید لہر سے بچا ئوکیلئے گائیڈ لائنز جاری

سینئر وزیر مریم اورنگ زیب کی ہدایات پر محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب نے اپنے زیر انتظام وائلڈ لائف پارکس اور چڑیا گھروں کو موسم گرما کی موجودہ شدید لہر سے بچا ئوکے لیے خصوصی گائیڈ لائنز جاری کی ہیں۔

لاہور۔28جون (اے پی پی):سینئر وزیر مریم اورنگ زیب کی ہدایات پر محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب نے اپنے زیر انتظام وائلڈ لائف پارکس اور چڑیا گھروں کو موسم گرما کی موجودہ شدید لہر سے بچا ئوکے لیے خصوصی گائیڈ لائنز جاری کی ہیں۔ترجمان کے مطابق صدر دفتر لاہور سے چیف وائلڈ لائف رینجر کی جانب سے تمام زونز کے ایڈیشنل چیف وائلڈ لائف رینجرز کو جاری ان گائیڈ لائنز میں تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے زیر انتظام وائلڈ لائف پارکس اور چڑیا گھروں میں جنگلی جانوروں اور پرندوں کو گرمی کی موجودہ شدت وحدت سے محفوظ کرنے کے لیے ان ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ جانوروں و پرندوں کے ہر پنجرے،انکلوژر اور کمپارٹمنٹ میں پینے کے صاف اور تازہ پانی کی 24 گھنٹے فراہمی یقینی بنائیں،جانوروں وپرندوں کے لیے خوراک اور پانی کا بندوبست سایہ دارجگہ پر کیا جائے،جانوروں کی تعداد کے مطابق سایہ فراہم کیا جائے، گرمی سے متاثر ہونے والے جنگلی جانور خصوصا بندر، ریچھ،شیر و ٹائیگر وغیرہ کے لیے مناسب انتظامات اور ان کے ان کلوژر زکے اندرونی حصوں میں پنکھے ایئر کولر اور برف کا انتظام کیا جائے ،

ان کے نہانے کے لیے تالاب وغیرہ کا بندوبست ہو، ضرورت کے مطابق مختلف انواع کے لیے پنجروں میں پانی کا چھڑکائو کیا جائے، ویٹرنری ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق جانوروں کے بال وغیرہ تراشے جائیں اور ویٹرنری ڈاکٹر کے مشورے پر جانوروں وپرندوں کو وٹامنزسی اور گلوکوز وغیرہ دیا جائے، ہیٹ اسٹریس کی علامات پر نظر رکھی جائے اور فوری طور پر متاثرہ جانوروں کو علاج کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔