حکومت زلزلہ متاثرین کو ہر ممکن امداد اور سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ حکومت زلزلہ متاثرین کو ہر ممکن امداد اور سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ضلع موسیٰ خیل کی تحصیل کنگری میں آنے والے زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کی مشکلات کا حکومت کو مکمل احساس ہے اور متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

کوئٹہ۔ 28 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ حکومت زلزلہ متاثرین کو ہر ممکن امداد اور سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ضلع موسیٰ خیل کی تحصیل کنگری میں آنے والے زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کی مشکلات کا حکومت کو مکمل احساس ہے اور متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ سماجی رابطے کی سائٹ پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ان کی ہدایات پر ریلیف کمشنر و ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے زلزلہ متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا جہاں نقصانات کا جائزہ لینے کے ساتھ متاثرہ خاندانوں میں امدادی سامان بھی تقسیم کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ متاثرین کی فوری امداد، بحالی اور ضروری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ میر سرفراز بگٹی نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور دیگر اداروں کو ہدایت کی کہ امدادی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے اور امدادی سامان کی تقسیم شفاف، بروقت اور بلاامتیاز یقینی بنائی جائے تاکہ ہر مستحق خاندان تک حکومتی امداد پہنچ سکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے زلزلہ متاثرہ علاقوں کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کریں اور باہمی رابطے کے ذریعے مؤثر امدادی کارروائیاں جاری رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ نقصانات کا جامع سروے مکمل کرکے متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے بھی فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت قدرتی آفات سے متاثرہ شہریوں کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گی اور متاثرہ علاقوں میں ریلیف، بحالی اور تعمیر نو کے اقدامات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا تاکہ متاثرین جلد از جلد اپنی معمول کی زندگی بحال کر سکیں۔