نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، خیبرپختونخوا میں کرکٹ کےمیدان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جسے آگے لانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، خیبرپختونخوا میں کرکٹ کےمیدان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جسے آگے لانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اسلام آباد میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جوائنٹ سیکرٹری حامد خان طوفان کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر کشمیر پریمیئر لیگ کےارشد خٹک بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواچیمپئن لیگ کا جلد افتتاح کیا جائے گاجس سےباصلاحیت نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین پلیٹ فارم میسر آئے گا۔ملاقات کے دوران ملک اور خیبرپختونخوا کی مجموعی سیاسی صورتحال، عوام کو درپیش مسائل، نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور صوبے میں کھیلوں، بالخصوص کرکٹ کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے نوجوانوں کے لیے مثبت سرگرمیوں کے فروغ اور کرکٹ کے میدانوں کو فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔