وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن اسلام آباد زون نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن کلیئرنس کے دوران متعدد شناختی اور مشکوک سفری دستاویزات کا پتہ لگانے کے بعد روس جانے کی کوشش کرنے والے دو مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔
ایف آئی اے نے متعدد شناختوں پر روس جانے کی کوشش کرنے والے دو مسافروں کو آف لوڈ کر دیا
اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن اسلام آباد زون نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن کلیئرنس کے دوران متعدد شناختی اور مشکوک سفری دستاویزات کا پتہ لگانے کے بعد روس جانے کی کوشش کرنے والے دو مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔ایف آئی اے حکام نے اتوار کو ’’اے پی پی ‘‘ کو بتایا کہ 27 جون کو ازبکستان ایئرویز کی پرواز HY466 سے روس جانے والے دو مسافروں کو امیگریشن حکام نے ان کے سفری دستاویزات کو مشکوک قرار دینے کے بعد سیکنڈری اسکریننگ کے لیے روک دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ تفصیلی جانچ سے مسافروں کی شناخت اور سفری دستاویزات میں تضادات کا انکشاف ہوا ہے۔حکام کے مطابق ان کے موبائل فونز کی فرانزک جانچ کے نتیجے میں متعدد افغان پاسپورٹ، ایک افغانی تذکرہ، ایک پاکستانی کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) اور ایک روسی دستاویز برآمد ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ برآمد ہونے والی متعدد دستاویزات میں مختلف شناختوں کے باوجود ایک ہی فرد کی تصویر تھی جس سے اس بات کا قوی شبہ پیدا ہوا کہ مشتبہ افراد غیر قانونی امیگریشن کے لیے متعدد شناختوں کا استعمال کر رہے تھے۔
ابتدائی تفتیش میں مزید انکشاف ہوا ہے کہ ایک افغان تذکرہ دوسرے مسافر کے نام پر جاری کیا گیا تھا۔ ساتھ ہی بقیہ دستاویزات کو مبینہ طور پر دھوکہ دہی کے ذریعے بیرون ملک سفر کرنے کی کوشش میں استعمال کیا جا رہا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایف آئی اے امیگریشن حکام نے دونوں مسافروں کو آف لوڈ کرتے ہوئے مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (اے ایچ ٹی سی)، اسلام آباد کے حوالے کر دیا ہے۔








