فیصل آباد پولیس نے مسیحی برادری کی دعائیہ تقریبات اور مذہبی عبادات کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے چرچز کی سیکیورٹی کے غیر معمولی اور فول پروف انتظامات کیے ۔اتوار کو ترجمان کے مطابق سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر کے تمام چرچز کی سیکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا گیا تاکہ مسیحی برادری کے افراد بلا خوف و خطر اپنی مذہبی رسومات ادا …
پولیس کی جانب سے مسیحی برادری کی عبادات کے لیے فول پروف سیکیورٹی، 1100 سے زائد اہلکار تعینات
فیصل آباد۔ 28 جون (اے پی پی):فیصل آباد پولیس نے مسیحی برادری کی دعائیہ تقریبات اور مذہبی عبادات کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے چرچز کی سیکیورٹی کے غیر معمولی اور فول پروف انتظامات کیے ۔اتوار کو ترجمان کے مطابق سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر کے تمام چرچز کی سیکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا گیا تاکہ مسیحی برادری کے افراد بلا خوف و خطر اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں۔ اس مقصد کے لیے چرچز اور ان کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت ترین اقدامات کیے گئے جبکہ سینئر پولیس افسران خود فیلڈ میں موجود رہ کر صورتحال کی نگرانی کرتے رہے۔
ترجمان طارق جٹ نے بتایا کہ سیکیورٹی ڈیوٹی کے لیے ضلع بھر سے 1100 سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ۔ ڈیوٹی پر مامور تمام اہلکاروں کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ عبادات کے دورانیے میں چوکس اور الرٹ رہیں۔ ڈیوٹی کی مؤثر نگرانی کے لیے سینئر پولیس افسران مختلف چرچز کا دورہ کر کے سیکیورٹی انتظامات کا ذاتی طور پر جائزہ بھی لیتے رہے۔انہوں نے بتایا کہ نگرانی کے جدید نظام کو بھی مؤثر طریقے سے استعمال میں لایا جا رہا گیا۔ سیف سٹی کیمروں اور سی سی ٹی وی سسٹم کے ذریعے چرچز اور گردونواح کی مکمل مانیٹرنگ کی گئی جبکہ واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے عبادت گاہوں میں آنے والے ہر فرد کی سخت چیکنگ کی گئی اس کے علاوہ داخلی و خارجی راستوں پر مؤثر چیکنگ کا نظام نافذ کیا گیا تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کو بروقت روکا جا سکے۔
ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور پولیس کی مختلف موبائل ٹیمیں چرچز اور ارد گرد کے علاقوں میں مسلسل گشت کر رہیں۔ پولیس کی جانب سے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے سیکیورٹی کے انتظامات کو ہر لحاظ سے فول پروف بنایا گیا جبکہ متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں سیکیورٹی صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی واقعے سے فوری طور پر نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔
اس موقع پر سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے کہا کہ مسیحی برادری کی جان، مال اور عبادت گاہوں کا تحفظ فیصل آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں گے۔








