موٹروے پولیس سنٹرل زون نے اغوا ہونے والے بہن بھائی بحفاظت بازیاب کرا لیے

"موٹروے پولیس سنٹرل زون نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اغوا ہونے والے بہن بھائیوں کو بحفاظت بازیاب کرا کے پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔”

لاہور۔28جون (اے پی پی):موٹروے پولیس سنٹرل زون نے کارروائی کرتے ہوئے اغوا ہونے والے بہن بھائیوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔

ترجمان کے مطابق26 جون سے لاپتہ12 سالہ علی رضا اور8 سالہ مریم کے اغوا کا مقدمہ پہلے ہی درج تھا۔ دونوں بچے قومی شاہراہ پر ساہیوال کے قریب روتے ہوئے پائے گئے، جہاں موٹروے پولیس نے فوری طور پر انہیں اپنی تحویل میں لے لیا۔ ترجمان کے مطابق سیکٹر کمانڈر عاطف شہزاد کی ہدایات پر مقامی پولیس سے فوری رابطہ کیا گیا اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد دونوں بچوں کو مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ بچوں کی والدہ نے بحفاظت بازیابی پر موٹروے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ موٹروے پولیس کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ انسانی جانوں کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے۔