"کراچی پورٹ ٹرسٹ نے اپنی 138 سالہ تاریخ میں کارگو ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ قائم کرکے ملکی بحری تجارت اور بندرگاہی شعبے کی ترقی کی نئی مثال قائم کی ہے۔” — جنید انوار چوہدری
کراچی پورٹ ٹرسٹ کا 138 سالہ تاریخ میں کارگو ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ، بحری شعبے کی ترقی کا ثبوت ہے، جنید انوار چوہدری

مزید خبریں
اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے رواں مالی سال کے دوران اپنی 138 سالہ تاریخ میں کارگو ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ قائم کرکے پاکستان کے بحری شعبے میں ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔وزارت بحری امور کی جانب سے اتوار کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ نے 5 کروڑ 46 لاکھ 85 ہزار ٹن کارگو ہینڈلنگ کا سابقہ ریکارڈ عبور کر لیا، جو بندرگاہ کی بڑھتی ہوئی استعداد، مؤثر انتظامی اقدامات اور بہتر آپریشنل کارکردگی کا مظہر ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کی بحری معیشت، بندرگاہی نظام اور قومی تجارت کے فروغ میں اہم پیش رفت ہے، جو وزارت بحری امور کی اصلاحاتی پالیسیوں اور ادارے کی پیشہ ورانہ صلاحیت کی عکاسی کرتی ہے۔انہوں نے اس تاریخی کامیابی پر چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ ریئر ایڈمرل (ر) شاہد احمد، افسران، ملازمین اور دیگر متعلقہ اداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ مشترکہ محنت، مؤثر منصوبہ بندی اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔محمد جنید انوار چوہدری نے کہا کہ حکومت بندرگاہوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے، ان کی استعداد بڑھانے، لاجسٹکس نظام کو مزید مؤثر بنانے اور عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ پاکستان خطے میں ایک مضبوط بحری و تجارتی مرکز کے طور پر اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر سکے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزارت بحری امور کراچی پورٹ سمیت ملک کی تمام بندرگاہوں کی جدید خطوط پر ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی تاکہ قومی معیشت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔اس موقع پر چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ ریئر ایڈمرل (ر)شاہد احمد نے بھی افسران اور ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ریکارڈ ادارے کی پیشہ ورانہ صلاحیت، مؤثر حکمت عملی اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، اور آئندہ بھی کراچی پورٹ کی کارکردگی اور مسابقتی صلاحیت میں مزید بہتری لانے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔








