فیصل آباد، سی پی او تنویر حسین کی امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام کیلئے اہم ہدایات جاری

"سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے امن و امان، سنگین جرائم کی روک تھام اور پولیس کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے مؤثر پولیسنگ اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔”

فیصل آباد۔ 28 جون (اے پی پی):سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین نے اقبال ڈویژن کے پولیس افسران کے ساتھ ایک اہم اور تفصیلی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے امن و امان کی صورتحال، سنگین جرائم کی روک تھام اور پولیس کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

ترجمان کے مطابق اجلاس میں ایس پی اقبال ڈویژن سعید احمد، سرکل افسران، ایس ایچ اوز، محرران اور دیگر متعلقہ پولیس افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔ سی پی او تنویر حسین نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور انہیں پرامن و محفوظ ماحول کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مزید مؤثر اور مربوط حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام تھانہ جات کو چھ بنیادی یونٹس میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ پولیس کی کارکردگی میں مزید بہتری لائی جا سکے۔انہوں نے ہدایت کی کہ جرائم کی روک تھام اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں، کال ڈیٹا ریکارڈ اور جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے حساس علاقوں میں سیکیورٹی مزید سخت کرنے اور ڈولفن اسکواڈ کو زیادہ فعال انداز میں فیلڈ میں متحرک رکھنے کی بھی ہدایت جاری کی۔تنویر حسین نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جائے گا اور پولیس فورس کو جدید اسلحہ فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ وہ مزید مؤثر انداز میں اپنے فرائض انجام دے سکے۔ انہوں نے پولیس موبائلز کے لیے نیا اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (SOP) نافذ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ہر موبائل گاڑی پر ایک انچارج افسر کے ساتھ چھ جوان جدید اسلحہ سے لیس ہوں گے۔انہوں نے آپریشنز اور انویسٹی گیشن ونگز کی ذمہ داریوں کو مزید واضح کرتے ہوئے دونوں شعبوں کی کارکردگی بہتر بنانے پر زور دیا اور ہدایت کی کہ ایس ایس آئی او یو (SSIOU) یونٹ کو ہر تھانے میں مکمل طور پر فعال کیا جائے۔سی پی او نے تمام زیر استعمال پولیس گاڑیوں کی فوری مرمت یقینی بنانے کی بھی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ فیلڈ میں موجود تمام وسائل ہر وقت قابل استعمال ہونے چاہئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہر ایس ایچ او اپنے تھانے کے تمام یونٹس کی مکمل نگرانی کا ذمہ دار ہوگا اور ان کی کارکردگی کا براہ راست جواب دہ ہوگا۔انہوں نے مزیدکہا کہ جدید اسلحہ اور نفری کی کمی کو تیزی سے پورا کیا جا رہا ہے تاکہ پولیس فورس مزید بہتر نتائج دے سکے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں نبھا سکے۔