اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے خواتین کاروباری افراد کی معاونت کے لیے مزید عملی اقدامات کیے جائیں گے،سہیل اشرف

چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف نےخواتین کی معاشی خودمختاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ادارے کے بھرپور تعاون کا اعادہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی ڈبلیو سی سی آئی) کے اشتراک سے خواتین کاروباری افراد کی معاونت کے لیے مزید عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف نےخواتین کی معاشی خودمختاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ادارے کے بھرپور تعاون کا اعادہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی ڈبلیو سی سی آئی) کے اشتراک سے خواتین کاروباری افراد کی معاونت کے لیے مزید عملی اقدامات کیے جائیں گے۔یہ یقین دہانی آئی ڈبلیو سی سی آئی کی صدر ثمینہ فاضل کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران کرائی گئی جس میں اسلام آباد کے پہلے خصوصی ویمن انٹرپرائز مارکیٹ کے کامیاب آغاز، خواتین کے لیے کاروباری مواقع میں اضافے اور مستقبل میں باہمی تعاون کےمختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں شریک کاروباری خواتین نے ویمن انٹرپرائز مارکیٹ کے قیام میں چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف اور میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کی ڈائریکٹر ڈاکٹر انعم فاطمہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مخصوص تجارتی جگہ کی فراہمی اس منصوبے کی کامیابی میں بنیادی عنصر ثابت ہوئی۔صدر آئی ڈبلیو سی سی آئی ثمینہ فاضل نےاس منصوبے کی کامیابی میں سی ڈی اے، ایم سی آئی، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور جاز کیش کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ویمن انٹرپرائز مارکیٹ خواتین کے لیے معاشی مواقع میں اضافے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اےسہیل اشرف نے خواتین کے چیمبر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی معاشی ترقی میں خواتین کا فعال کردار ناگزیر ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ سی ڈی اے خواتین کاروباری افراد کے لیے مزید منظم اور مؤثر پروگرام متعارف کرانے کے لیے آئی ڈبلیو سی سی آئی کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دے گا۔

ڈاکٹر انعم فاطمہ نے کہا کہ شہری انتظامیہ خواتین کے لیےمحفوظ، آسان رسائی والی اور کاروبار دوست جگہیں فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم لاگت کاروباری ماڈلز کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے تاکہ انہیں دارالحکومت کے دیگر علاقوں میں بھی کامیابی سے دہرایا جا سکے۔ثمینہ فاضل نے کہا کہ جی-11 میں قائم ویمن انٹرپرائز مارکیٹ اسلام آباد کی تاریخ کا پہلا خصوصی تجارتی مرکز ہے جو خواتین کی زیرِ قیادت کاروباری اداروں کے لیےمختص کیا گیا ہےجو خواتین کی معاشی شمولیت کو فروغ دینے کی جانب ایک تاریخی پیش رفت ہے۔آئی ڈبلیو سی سی آئی کی نمائندہ نعیمہ انصاری نے خواتین کاروباری افراد کو درپیش چیلنجز کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں موجود 50 لاکھ سے زائد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) میں خواتین کی ملکیت صرف تقریباً 8 فیصد ہےجبکہ ایس ایم ای سیکٹر کے لیے فراہم کی جانے والی مجموعی مالی معاونت میں خواتین کی زیرِ قیادت کاروباروں کا حصہ محض 3.2 فیصد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی کاروباری سرگرمیوں میں کم شمولیت قومی اقتصادی ترقی میں ان کے ممکنہ کردار کو محدود کر رہی ہے۔ملاقات کے دوران شہری اداروں اور نجی شعبے کےدرمیان تعاون کے نئے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔ ثمینہ فاضل نےکہا کہ آئی ڈبلیو سی سی آئی خواتین کے لیے ایسے مزید منصوبوں کےفروغ کی خاطر سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گاجبکہ ملک بھر کی بلدیاتی انتظامیہ اور چیمبرز آف کامرس پر زور دیا کہ وہ خواتین کی قیادت میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات اور مخصوص کاروباری مقامات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔