پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، ملاوٹی مرچیں ضبط، مضرِ صحت اچار تلف

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ملتان کے علاقوں ٹاٹے پور اور علی والا نئی آبادی میں ایک اچار پروڈکشن یونٹ اور کریانہ سٹور پر کارروائیاں کیں،

ملتان۔ 29 جون (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ملتان کے علاقوں ٹاٹے پور اور علی والا نئی آبادی میں ایک اچار پروڈکشن یونٹ اور کریانہ سٹور پر کارروائیاں کیں، جہاں ایک من سے زائد فنگس زدہ اور مضرِ صحت اچار جبکہ 22 کلو گرام ملاوٹی سرخ مرچیں تلف کر دی گئیں۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر کی جانے والی کارروائی کے دوران سرخ مرچوں میں مضرِ صحت رنگ کی ملاوٹ ثابت ہونے پر کریانہ سٹور کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، جبکہ ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ترجمان کے مطابق اچار پروڈکشن یونٹ سے ڈرموں میں موجود فنگس زدہ، بدبودار اور انسانی صحت کے لیے نقصان دہ اچار برآمد ہونے پر یونٹ کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ ملاوٹ جیسے سنگین جرم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی اور عوام کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ خوراک سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر فوری اطلاع دیں تاکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف بروقت کارروائی عمل میں لائی جاے گی۔