میڈیکل سپرنٹنڈنٹ الائیڈ ہسپتال ll فیصل آباد ڈاکٹر ظفر اقبال نے کہا ہے کہ شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے دوران شہری اپنی صحت کا خصوصی خیال رکھیں اور غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔
شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے دوران شہری غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں،ڈاکٹر ظفر اقبال

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 29 جون (اے پی پی):میڈیکل سپرنٹنڈنٹ الائیڈ ہسپتال ll فیصل آباد ڈاکٹر ظفر اقبال نے کہا ہے کہ شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے دوران شہری اپنی صحت کا خصوصی خیال رکھیں اور غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث جسم میں پانی کی کمی، ہیٹ سٹروک اور دیگر طبی مسائل کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اس لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے شہریوں سے کہا کہ دن کے گرم ترین اوقات میں بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں، اگر باہر جانا ناگزیر ہو تو سر کو ٹوپی یا کپڑے سے ڈھانپیں، ہلکے رنگ کے سوتی لباس پہنیں اور زیادہ سے زیادہ پانی، او آر ایس، لسی، تازہ جوس اور دیگر مشروبات کا استعمال کریں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ بزرگ، بچے، حاملہ خواتین اور دائمی امراض میں مبتلا افراد گرمی سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں اس لیے ان کی خصوصی دیکھ بھال کی جائے، والدین بچوں کو دھوپ میں کھیلنے سے روکیں جبکہ بزرگ افراد کو ٹھنڈی اور ہوادار جگہ پر رکھا جائے۔ڈاکٹر ظفر اقبال نے خبردار کیا کہ اگر کسی شخص کو شدید پیاس، چکر آنا، بے ہوشی، تیز بخار، جسم کا درجہ حرارت غیر معمولی حد تک بڑھ جانا یا سانس لینے میں دشواری جیسی علامات ظاہر ہوں تو اسے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا جائے اور طبی امداد حاصل کی جائے کیونکہ بروقت علاج سے قیمتی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ گرمی کے موسم میں متوازن غذا استعمال کریں، صفائی کا خاص خیال رکھیں، غیر معیاری مشروبات اور کھانے سے اجتناب کریں اور سرکاری اداروں کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ گرمی کے مضر اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔







