تحصیل ڈڈیال سے وزیر حکومت اظہر صادق کی ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں شمولیت،آزادکشمیر میں گندم اور بجلی پر ریلیف برقرار رہے گا ، انجینئر امیر مقام کا تقریب سے خطاب

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے عوام کو گندم اور بجلی پر دیا جانے والا ریلیف برقرار رہے گاجبکہ ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا،آزاد کشمیر کے تمام مسائل کا آئینی اور جمہوری حل انتخابات ہیں جو 27 جولائی کو منعقد ہوں گے اور منتخب اسمبلی ہی قانون سازی کا اختیار رکھتی ہے۔

اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے عوام کو گندم اور بجلی پر دیا جانے والا ریلیف برقرار رہے گاجبکہ ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا،آزاد کشمیر کے تمام مسائل کا آئینی اور جمہوری حل انتخابات ہیں جو 27 جولائی کو منعقد ہوں گے اور منتخب اسمبلی ہی قانون سازی کا اختیار رکھتی ہے۔

وہ اسلام آباد میں تحصیل ڈڈیال سے وزیر حکومت و ایم ایل اے اظہر صادق کی اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے جنرل سیکریٹری چوہدری طارق فاروق، سینئر رہنما و امیدوار ڈاکٹر نجیب نقی، سابق سینئر وزیر کرنل (ر) وقار، سیکریٹری اطلاعات بیرسٹر افتخار گیلانی، امیدوار ثاقب مجید، چوہدری سعید، چوہدری رزاق اور سردار طارق بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے اظہر صادق کو پارٹی کیپ اور مفلر پہنا کر مسلم لیگ (ن) میں خوش آمدید کہا۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وہ اظہر صادق اور ان کے ساتھیوں کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات پر عمل درآمد کے لیے مخلصانہ کوششیں کیں لیکن بعد میں انہوں نے اس کے علاوہ آٹھ مطالبات بھی پیش کئے۔ انہوں نے کہا کہ بعض مطالبات پر تحفظات تھے کیونکہ وہ آزاد کشمیر کے عوام کے مطالبات نہیں تھے، اس لیے الزام تراشی کے بجائے حقائق کو سامنے رکھنا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں بے شمار ترقیاتی منصوبے شروع کیے اور آئندہ بھی ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا۔ انہوں نے بھمبر میں دانش سکول کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسی معیار کے جدید تعلیمی ادارے آزاد کشمیر کے ہر ضلع میں قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب اور ہریام پل کے دورے کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے آزاد کشمیر کے عوام کے لیے خصوصی تحفہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پوری قوم ایک موقف رکھتی ہے اور اس معاملے پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ’’معرکہ حق‘‘ کے دوران انہوں نے لائن آف کنٹرول کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جہاں پاک افواج اور مقامی آبادی کے جذبے کو قریب سے دیکھا۔ نیلم میں بھارتی جارحیت کی دھمکیوں کے باوجود عوامی اجتماع منعقد کیا گیا جس میں عوام کی پاکستان اور افواج پاکستان سے والہانہ محبت نمایاں تھی۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آج پاکستان خطے میں امن کے قیام کا مرکز بن چکا ہے جس کا کریڈٹ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی قیادت کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بحال ہوا ہے اور مسلم لیگ (ن) ایک متحد ٹیم کی حیثیت سے عوام کی خدمت جاری رکھے گی۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے جنرل سیکریٹری چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ کشمیری اپنی مرضی اور خواہش سے پاکستانی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق وفاقی حکومت انجینئر امیر مقام کی قیادت میں آزاد کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے سیکریٹری اطلاعات بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کر کے حکومت بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر کے لیے فنڈز میں دوگنا اضافہ کیا ہے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کو درپیش تمام مسائل حل کرے گی۔تقریب سے سینئر رہنما ڈاکٹر نجیب نقی نے بھی خطاب کیا اور مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں اور آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے پارٹی کے عزم کو اجاگر کیا۔