سپیس ایکس نے فالکن 9 راکٹ کے ذریعے 24 سٹارلنک سیٹلائٹ خلا میں بھیج دیئے

امریکی خلائی کمپنی سپیس ایکس نے کیلیفورنیا کے وینڈن برگ سپیس فورس بیس سے فالکن 9 راکٹ کے ذریعے 24 سٹارلنک سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں بھیج دیے۔

کیلیفورنیا۔29جون (اے پی پی):امریکی خلائی کمپنی سپیس ایکس نے کیلیفورنیا کے وینڈن برگ سپیس فورس بیس سے فالکن 9 راکٹ کے ذریعے 24 سٹارلنک سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں بھیج دیے۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق کمپنی سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ راکٹ کا پہلے مرحلے کا بوسٹر بحرالکاہل میں موجود ڈرون شپ پر کامیابی سے واپس اترا، جس کے ساتھ اس کے دوبارہ قابلِ استعمال لانچ پروگرام کا ایک اور مرحلہ کامیابی سے مکمل ہوا۔اس مشن کا مقصد سٹارلنک سیٹلائٹ نیٹ ورک کو مزید وسعت دینا، خصوصاً دور دراز علاقوں میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی بہتر بنانا اور مستقبل میں خصوصی صارف ٹرمینلز کے بغیر براہِ راست موبائل فون سے رابطے (ڈائریکٹ ٹو سیل کنیکٹیویٹی) کی سہولت متعارف کرانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔