وفاقی سیکرٹری برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ندیم محبوب نے کہا ہے کہ وفاقی تعلیمی اداروں میں جدید سائنس لیبارٹریوں کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ طلبہ کو عالمی معیار کی سائنسی تعلیم، تحقیق اور عملی تجربات کی سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے جس سے انہیں 21ویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے میں مدد ملے گی۔
وفاقی تعلیمی اداروں میں جدید سائنس لیبارٹریوں کی اپ گریڈیشن سے معیاری سائنسی تعلیم کو فروغ ملے گا، ندیم محبوب

مزید خبریں
اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ندیم محبوب نے کہا ہے کہ وفاقی تعلیمی اداروں میں جدید سائنس لیبارٹریوں کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ طلبہ کو عالمی معیار کی سائنسی تعلیم، تحقیق اور عملی تجربات کی سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے جس سے انہیں 21ویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے میں مدد ملے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز ایف ایٹ فور میں جدید خطوط پر اپ گریڈ کی گئی فزکس، کیمسٹری اور بیالوجی لیبارٹریوں کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن جاوید اقبال مرزا اور ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل/پراجیکٹ ڈائریکٹر آصف نیازی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے پراجیکٹ ڈائریکٹر آصف نیازی نے بتایا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں 22 وفاقی تعلیمی اداروں کی 30 سائنس لیبارٹریوں کی تزئین و آرائش، جدید آلات سے لیس اور انہیں مکمل طور پر فعال بنایا گیا ہے، ان میں 15 کمبائنڈ لیبارٹریاں، 6 فزکس، 5 کیمسٹری اور 4 بیالوجی لیبارٹریاں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اپ گریڈ کی گئی فزکس لیبارٹریوں کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ انہیں سائنس اور روبوٹکس کے طلبہ کے لئے سٹیم لیبارٹریوں کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکے۔
حکام کے مطابق 188 ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے اس منصوبے میں 100 ملین روپے جدید سائنسی آلات، اعلیٰ معیار کے تجرباتی سازوسامان، ڈیجیٹل لرننگ ٹولز اور جدید حفاظتی نظام کی فراہمی پر خرچ کئے گئے ہیں تاکہ طلبہ کو عملی، تحقیقی اور منصوبہ جاتی تعلیم کے بہترین مواقع میسر آ سکیں۔وفاقی سیکرٹری ندیم محبوب نے کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں میں جدید لیبارٹری ماحول اور جدید سائنسی سہولیات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے تاکہ طلبہ کی تحقیقی صلاحیتوں، تنقیدی سوچ اور سائنسی فہم کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے منصوبے پر جاری کام کے معیار اور رفتار کو سراہتے ہوئے زیر تکمیل تعمیراتی کاموں کے معیار اور ڈیزائن کو مزید بہتر بنانے کے لئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت تعلیمی انفراسٹرکچر کی بہتری، معیاری تدریس کے فروغ اور جدید سائنسی سہولیات کی فراہمی کے ذریعے ملک میں تحقیق، اختراع اور سائنسی ترقی کے فروغ کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔








