وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یوم پارلیمان کو جمہوری ریاستوں کو مشترکہ طور پر جمہوریت کے نمائندہ اداروں، آئین کی بالادستی، پارلیمان کی مرکزی حیثیت، جمہوریت، شفافیت، جوابدہی، قانون کی حکمرانی اور طرز حکمرانی میں عوامی شرکت کے اصولوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی تجدید عزم کا موقع فراہم کرنے ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئین پاکستان جمہوری نظام حکومت اور جمہوری اقدار کی ضمانت …
پارلیمان جمہوری حکومت کا عوام سے مضبوط تعلق بناتی ہے، آئین پاکستان جمہوری نظام حکومت اور جمہوری اقدار کی ضمانت دیتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کا عالمی یوم پارلیمان پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یوم پارلیمان کو جمہوری ریاستوں کو مشترکہ طور پر جمہوریت کے نمائندہ اداروں، آئین کی بالادستی، پارلیمان کی مرکزی حیثیت، جمہوریت، شفافیت، جوابدہی، قانون کی حکمرانی اور طرز حکمرانی میں عوامی شرکت کے اصولوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی تجدید عزم کا موقع فراہم کرنے ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئین پاکستان جمہوری نظام حکومت اور جمہوری اقدار کی ضمانت دیتا ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار عالمی یوم پارلیمان پر اپنے پیغام میں کیا جو آج (منگل کو) منایا جارہا ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئین کی اصل روح کےمطابق اقتدار کا سرچشمہ عوام ہیں اور منتخب نمائندگان یہ اختیار عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کے لیے ایک مقدس امانت کے طور پر استعمال کرتےہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان وہ آئینی فورم ہے جہاں قومی مسائل پر عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے قوانین وضع کیے جاتے ہیں۔ قومی وسائل کے استعمال کی نگرانی کی جاتی ہے اور ان کا تحفظ یقینی بنایا جاتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام طبقات اور گروہوں کی جامع شمولیت اور موثر نمائندگی کے تناظر میں بھی پاکستان کی پارلیمانی جمہوریت نے نمایاں پیش رفت کی ہے۔
ایک حقیقی نمائندہ پارلیمان کے طور پر خواتین، اقلیتوں، چھوٹے صوبوں اور دیگر محروم طبقات کی آواز کو بھی موثر انداز میں شامل کیا گیا ہے۔ تمام طبقات کی شمولیت کی آئینی ضمانت دی گی ہے تاکہ جائز حقوق اور مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں خواتین اور غیر مسلم شہریوں کے لیے مخصوص نشستیں اسی آئینی عزم کا مظہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ وفاقی اکائیوں کو مساوی نمائندگی دے کر پاکستان کے وفاقی کردار کو مزید مضبوط بناتا ہے۔ شفافیت، عوامی رسائی اور جدید پارلیمانی طرزِ عمل، جمہوریت شفافیت، معلومات تک رسائی اور عوامی شمولیت کا تقاضا کرتی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان نے قانون سازی، پارلیمانی مباحث، کمیٹی رپورٹس اور دیگر دستاویزات کو عوامی دسترس میں لا کر اس سمت میں اہم اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان بین الاقوامی پارلیمانی سفارت کاری میں بھی فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ بین الپارلیمانی یونین، پارلیمانی فرینڈشپ گروپس اور دیگر بین الاقوامی فورمز میں شرکت کے ذریعے پاکستان عالمی امن، مکالمے، پائیدار ترقی، انسانی حقوق، صنفی مساوات اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئیے پارلیمان کے عالمی دن پر آئین پاکستان کی بالادستی، پارلیمانی جمہوریت، وفاقیت، شمولیت، قانون کی حکمرانی، شفافیت، جوابدہی اور عوامی فلاح کے اصولوں سے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کریں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان جمہوری حکومت کا عوام سے مضبوط تعلق بناتی ہے تا کہ ریاستی نظم و نسق، عوام کی امنگوں، خواہشات اور اجتماعی فلاح کے مطابق آگے بڑھ سکیں۔








