سعودی امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز نے شام کے دارالحکومت دمشق کے نواحی قصبے قدسیہ میں الہدی میڈیکل کمپلیکس کا افتتاح کر دیا ،جس سے تقریبا 50 ہزار افراد مستفید ہوں گے۔
سعودی امدادی ایجنسی نے شام میں میڈیکل کمپلیکس کا افتتاح کیا

مزید خبریں
دمشق۔30جون (اے پی پی):سعودی امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز نے شام کے دارالحکومت دمشق کے نواحی قصبے قدسیہ میں الہدی میڈیکل کمپلیکس کا افتتاح کر دیا ،جس سے تقریبا 50 ہزار افراد مستفید ہوں گے۔ اردو نیوز کے مطابق تقریب میں شام کے وزیر صحت مصعب العلی، وزیر اوقاف محمد ابو الخیر شکری اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ یہ کمپلیکس مربوط پرائمری ہیلتھ کیئر سروسز فراہم کرتا ہے، جس میں ڈائیلاسز سروسز بشمول ڈائیلاسز سینٹر، چلڈرن کلینک، گائناکالوجی، انٹرنل میڈیسن، آپتھمالوجی، ای این ٹی، ڈینٹسٹری اور فیملی میڈیسن کلینک شامل ہیں۔ اس میں سپیچ اینڈ ہیئرنگ ری ہیبلی ٹیشن سینٹر، آٹزم ری ہیبلی ٹیشن یونٹ، ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ، میڈیکل لیبارٹری اور فارمیسی شامل ہے۔ شامی وزیر صحت نے اس کمپلیکس کو شام کے پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم میں ایک اہم اضافہ قرار دیا اور شامی عوام کی مسلسل حمایت پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ یہ منصوبہ شام میں ہیلتھ کیئر سیکٹر کو مضبوط بنانے اور پائیدار معیاری طبی خدمات تک رسائی کو بڑھانے کے لیے شاہ سلمان مرکز کی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔








