سعودی عرب کی شام میں اسرائیلی دراندازی اور گولہ باری کی مذمت

سعودی عرب نے شام میں اسرائیلی قابض حکام کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی ، دراندازی اور قنیطرہ اور درعا گورنریٹ میں گولہ باری کی شدید مذمت کی ہے۔

ریاض۔30جون (اے پی پی):سعودی عرب نے شام میں اسرائیلی قابض حکام کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی ، دراندازی اور قنیطرہ اور درعا گورنریٹ میں گولہ باری کی شدید مذمت کی ہے۔ اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے گزشتہ روز بیان میں کہا کہ وہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے معصوم شہریوں کو دھمکانے، بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزیوں کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ بیان میں مملکت نے اسرائیل کی جانب سے شام کی خود مختاری کی خلاف ورزیوں کو روکنے اور 1974 کے معاہدے کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا جس سے خطے کی سلامتی اور استحکام برقرار رہے۔ وزارت نے بیان میں شام کی خود مختاری اور اس کی سرزمین کے اتحاد کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔