سعودی عرب کی مجلس شوریٰ نے کمیونیکیشن، سپیس اینڈ ٹیکنالوجی کمیشن سے کہا ہے کہ وہ ملک میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے عمر کی تصدیق کے ضوابط اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال کی پابندیاں وضع کرے
سعودی عرب، مجلس شوریٰ کا 16سال تک کے بچوں کے لیے سوشل میڈیا استعمال محدود کرنے کا مطالبہ

مزید خبریں
ریاض۔30جون (اے پی پی):سعودی عرب کی مجلس شوریٰ نے کمیونیکیشن، سپیس اینڈ ٹیکنالوجی کمیشن سے کہا ہے کہ وہ ملک میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے عمر کی تصدیق کے ضوابط اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال کی پابندیاں وضع کرے۔العربیہ اردو کے مطابق یہ مطالبہ ایسے وقت میں کیا گیا جب ملک ڈیجیٹل سپیس میں بچوں کے استحصال کو روکنے کے لیے ڈیجیٹل اقدامات کر رہا ہے۔مجلس شوریٰ نے مطالبے کا فیصلہ ٹرانسپورٹ، کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیٹی کے نقطہ نظر کو سننے کے بعد کیا جسے مجلس کے رکن اور کمیٹی کے نائب صدر انجینئر خالد البریک نے مالیاتی سال 1446-47 کے لیے کمیونیکیشن، سپیس اینڈ ٹیکنالوجی کمیشن کی سالانہ رپورٹ میں شامل باتوں کے حوالے سے ایک سابق اجلاس میں ارکان کے ظاہر کردہ مشاہدات اور ان کی آرا بارے پڑھ کر سنایا۔ ماہرین نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد، وزرا کی کونسل کے صدر شہزادہ محمد بن سلمان کے عالمی اقدام کے تحت سائبر سپیس میں بچوں کے تحفظ کے اشاریے کا آغاز ایسا قدم ہے جو ڈیجیٹل سپیس کے خطرات کے بارے میں عالمی بیداری کو بڑھاتا اور ڈیجیٹل چیلنجز کو کم کرتا ہے۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل کی طرف سے جولائی 2025میں اس قرارداد کی متفقہ منظوری سامنے آئی تھی جسے سعودی عرب نے سائبر سپیس میں بچوں کے تحفظ کے بارے میں ولی عہد کے عالمی اقدام سے شروع کرتے ہوئے پیش کیا تھا تاکہ دنیا بھر میں بچوں کے لیے ایک محفوظ سائبر سپیس کی تعمیر کی طرف مملکت کی کوششوں کی تصدیق کی جا سکے۔








