فوڈ اتھارٹی پنجاب نے لاہور میں صحت دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈائون کے دوران مختلف علاقوں میں 5 فوڈ یونٹس بند کر دیے جبکہ ایک ملک شاپ کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔
فوڈ اتھارٹی لاہور کی کارروائیاں،5 فوڈ یونٹس بند ، ملک شاپ کےخلاف مقدمہ درج

مزید خبریں
لاہور۔30جون (اے پی پی):فوڈ اتھارٹی پنجاب نے لاہور میں صحت دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈائون کے دوران مختلف علاقوں میں 5 فوڈ یونٹس بند کر دیے جبکہ ایک ملک شاپ کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔ ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق شالامار باغ، گلبرگ، رائیونڈ روڈ، باغباں پورہ اور عطا روڈ میں 22 فوڈ پوائنٹس اور یونٹس کی چیکنگ کی گئی۔ دورانِ کارروائی 17 فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر 2 لاکھ 47 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 700 لٹر سفید محلول، 524 کلوگرام ایکسپائر اشیا اور ممنوعہ اجزا تلف کر دیے گئے۔ترجمان نے بتایا کہ ویجیٹیبل گھی اور ممنوعہ اجزا کی ملاوٹ سے تیار کیا گیا جعلی دودھ تلف کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دودھ کا سیمپل فیل ہونے پر ایک ملک شاپ کو بند کرنے کے ساتھ اس کے خلاف مقدمہ بھی درج کروا دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ایک معروف ٹریڈرز شاپ سے ناقص گھی اور ایکسپائر مصالحہ جات برآمد ہوئے جنہیں موقع پر تلف کر دیا گیا۔ معائنے کے دوران متعدد یونٹس میں فوڈ سیفٹی ایس او پیز اور فیفو قانون پر عملدرآمد نہ ہونے، پروڈکشن ایریاز میں صفائی کے ناقص انتظامات اور تعفن زدہ ماحول پایا گیا،تیار شدہ اشیائے خورونوش پر تاریخِ تیاری اور تاریخِ تنسیخ درج نہیں تھی جبکہ ملازمین کے میڈیکل سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے۔








