پنجاب بھر میں یکم جولائی سے تعلیمی سمر کیمپس پر پابندی عائد

وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایات پر راولپنڈی سمیت پنجاب بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں یکم جولائی سے سمر کیمپس کے انعقاد پر پابندی عائد کر دی گئی

راولپنڈی۔30جون (اے پی پی):وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایات پر راولپنڈی سمیت پنجاب بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں یکم جولائی سے سمر کیمپس کے انعقاد پر پابندی عائد کر دی گئی ، احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رانا سکندر حیات کی ہدایات کے مطابق راولپنڈی سمیت پنجاب بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ گرمیوں کی تعطیلات کے دوران کسی بھی سمر کیمپس کا انعقاد نہیں کریں گے۔ اس حوالے سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے افسران کو بھی خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

احکامات میں واضح کیا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے اپنی عمارتوں، کلاس رومز اور دیگر سہولیات کو کسی بھی غیر مجاز یا غیر منظور شدہ سرگرمی کے لیے استعمال نہیں کر سکیں گے۔حکام کے مطابق بعض مقامات پر سمر کیمپس کی آڑ میں تعلیمی سرگرمیوں کے انعقاد اور حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں جس کے بعد نگرانی کے نظام کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد گرمیوں کی تعطیلات کے دوران حکومتی پالیسی پر مکمل عملدرآمد، طلبہ کو تعطیلات کے دوران اضافی تعلیمی دباؤ سے محفوظ رکھنا اور تعلیمی اداروں میں غیر مجاز سرگرمیوں کی روک تھام یقینی بنانا ہے۔حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی تعلیمی ادارہ احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سمر کیمپس کا انعقاد کرتا پایا گیا تو اس کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید خبریں