چین کے نائب صدر ہان ژینگ نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے بیجنگ میں ملاقات کی۔ شنہوا کے مطابق ملاقات کے دوران چینی نائب صدر نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کی سٹریٹجک رہنمائی میں چین اور سعودی عرب کے تعلقات مسلسل مثبت انداز میں آگے بڑھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال چین اور سعودی عرب …
چینی نائب صدر کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات
بیجنگ۔30جون (اے پی پی):چین کے نائب صدر ہان ژینگ نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے بیجنگ میں ملاقات کی۔ شنہوا کے مطابق ملاقات کے دوران چینی نائب صدر نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کی سٹریٹجک رہنمائی میں چین اور سعودی عرب کے تعلقات مسلسل مثبت انداز میں آگے بڑھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال چین اور سعودی عرب کے درمیان جامع سٹریٹجک شراکت داری کے قیام کی دسویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین سعودی عرب کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاقِ رائے پر عمل درآمد، سیاسی باہمی اعتماد کو مزید مضبوط بنانے، اعلیٰ سطحی روابط بڑھانے اور عملی تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے تاکہ دوطرفہ تعلقات میں نئی پیش رفت ممکن ہو سکے۔ چینی نائب صدر نے کہا کہ گلوبل ساؤتھ کے اہم ارکان ہونے کے ناطے چین اور سعودی عرب کو باہمی رابطوں اور ہم آہنگی کو مزید فروغ دینا چاہیے تاکہ خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے قیام میں موثر کردار ادا کیا جا سکے۔
اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے کہا کہ سعودی عرب اور چین کے درمیان جامع سٹریٹجک شراکت داری اپنی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب ’’ایک چین‘‘ پالیسی پر مضبوطی سے قائم ہے اور چین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔ سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کو کثیرالجہتی شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہیے اور مل کر خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے کام کرنا چاہیے۔









