پاکستانی کانٹینٹ کریئیٹرز جلد ایتھوپیا کا دورہ کریں گے، ایتھوپین اور افریقی انفلوئنسرز کو پاکستان کے لیے مفت سیاحتی پیکجز فراہم کیے جائیں گے ، سردار یاسر الیاس خان

وزیرِ اعظم کے مشیر اور کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان انفلوئنسرز کے باہمی تبادلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کانٹینٹ کریئیٹرز جلد ایتھوپیا کا دورہ کریں گے، جبکہ ایتھوپین اور افریقی انفلوئنسرز کو پاکستان کے لیے مفت سیاحتی پیکجز فراہم کیے جائیں گے ۔

اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):وزیرِ اعظم کے مشیر اور کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان انفلوئنسرز کے باہمی تبادلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کانٹینٹ کریئیٹرز جلد ایتھوپیا کا دورہ کریں گے، جبکہ ایتھوپین اور افریقی انفلوئنسرز کو پاکستان کے لیے مفت سیاحتی پیکجز فراہم کیے جائیں گے ۔ وہ ایتھوپیا کے سیاحتی مقامات اور ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے یہاں ایتھوپیا کے سفارتخانے کے زیر اہتمام تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے پاکستان میں ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا اور وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری (افریقہ) حامد اصغر خان نے بطور مہمانِ اعزاز خطاب کیا۔

ایتھوپیا کے سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق تقریب کے انعقاد کا مقصد ایتھوپیا کو پاکستان میں ایک بہترین سیاحتی مقام کے طور پر اجاگر کرنا اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنا تھا ۔تقریب میں سفارت کاروں، ٹریول ایجنٹس، میڈیا اور ڈیجیٹل انفلوئنسرز کو مدعو کیا گیا تھا۔سردار یاسر الیاس خان نے عوام کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانے کے لیے سفارت خانے کے اقدام کو سراہا اور پاکستان اور افریقہ کے درمیان فضائی رابطے کا خلا پر کرنے پر ایتھوپین ایئر لائنز کی تعریف کی۔ انہوں نے انفلوئنسرز کے باہمی تبادلے کا اعلان کرتے ہوئےکہا کہ پاکستانی کانٹینٹ کریئیٹرز جلد ایتھوپیا کا دورہ کریں گے، جبکہ ایتھوپین اور افریقی انفلوئنسرز کو پاکستان کے لیے مفت سیاحتی پیکجز فراہم کیے جائیں گے۔

ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات پر زور دیا، اور بتایا کہ ایتھوپیا کا تاریخ میں ‘حبشہ’ کے نام سے ذکر کیا جاتا ہے جس نے پہلی ہجرت کے دوران مسلمانوں کو پناہ دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی مسجدِ نجاشی اور حضرت بلال حبشیؓ کی میراث پاکستانیوں کے لیے بھائی چارے اور روحانی لگاؤ کا ایک لازوال رشتہ قائم کرتی ہے۔ انہوں نے ایتھوپیا کو "Land of Origins” اور افریقہ کے سب سے تیزی سے ابھرتے ہوئے سیاحتی ملک کے طور پر پیش کیا اور اپنے ملک میں عالمی معیار کے تفریحی مقامات کی جانب توجہ مبذول کروائی۔

انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کا دارالحکومت ادیس ابابا تیسرا بڑا سفارتی مرکز ہے، جس نے گزشتہ سال 150 سے زیادہ بین الاقوامی سربراہی اجلاسوں کی میزبانی کی۔ انہوں نے ایتھوپین ایئر لائنز کی کراچی سے ادیس ابابا کے لیے براہِ راست پروازوں کو پاکستانی مسافروں کے لیے ایک اہم فائدہ قرار دیا۔ حامد اصغر خان نے پاکستان میں براہِ راست پروازوں کے آغاز پر ایتھوپیا کا شکریہ ادا کیا اور اسے دونوں ممالک کے درمیان سب سے اہم کڑی قرار دیا۔ انہوں نے ایتھوپیا میں توانائی کی وسیع پیداوار، شہری علاقوں میں تیزی سے ہونے والی ترقی، شاندار سیاحتی مناظر اور خاص طور پر ہوا بازی کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کی تعریف کی۔