نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹرمیں قومی مون سون کوآرڈی نیشن کانفرنس کا انعقاد ،ممکنہ خطرات اور قومی سطح پر مربوط حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا
نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹرمیں قومی مون سون کوآرڈی نیشن کانفرنس کا انعقاد ،ممکنہ خطرات اور قومی سطح پر مربوط حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے )لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے بروقت پیشگی انتباہات، موثر رابطہ کاری اور فعال منصوبہ بندی کی اہمیت پر زور دیاہے جبکہ تمام متعلقہ اداروں نے مون سون سیزن کے دوران موثر رابطہ کاری، مشترکہ اقدامات اور بروقت ریسپانس یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیاہے۔منگل کو این ڈی ایم اے کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں قومی مون سون کوآرڈینیشن کانفرنس کا انعقاد کیا گیاجس میں مون سون سیزن سے متعلق تیاریوں، ممکنہ خطرات اور قومی سطح پر مربوط حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔کانفرنس میں وفاقی وزارتوں، صوبائی و ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، فلاحی اداروں اور دیگر متعلقہ اداروں نے شرکت کی۔
کانفرنس میں مون سون موسم کے دوران گلیشئیر پگھلنے، سیلابی صورتحال، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر ممکنہ خطرات پر تفصیلی غور کیا گیا۔این ڈی ایم اے نے جدید انتباہی نظام، ممکنہ خطرات کے قبل از وقت آگاہی نظام، ہمہ وقت نگرانی اور معلومات پر مبنی فیصلہ سازی سے متعلق بریفنگ دی۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے اجلاس کی صدارت کی اوربروقت پیشگی انتباہات، موثر رابطہ کاری اور فعال منصوبہ بندی کی اہمیت پر زور دیا۔وفاقی، صوبائی اور ضلعی اداروں کے درمیان فوری معلومات کے تبادلے اور وسائل کی بروقت فراہمی پر اتفاق کیا گیا۔
این ڈی ایم اے کے مربوط رابطہ کاری فریم ورک، خطرات کے پیشگی الرٹس، فلڈ مانیٹرنگ اور ایمرجنسی رسپانس پلاننگ پر شرکا کو بریفنگ دی گئی۔سیلاب سے متاثر ہونے والے اضلاع، شہری علاقوں، لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیائی جھیل پھٹنے (GLOF) کے خطرات سے دوچار علاقوں کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں انخلا کے منصوبوں، عوامی آگاہی مہموں اور ہنگامی وسائل کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا گیا۔تمام متعلقہ اداروں نے مون سون سیزن کے دوران موثر رابطہ کاری، مشترکہ اقدامات اور بروقت ریسپانس یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ متوقع موسم، ممکنہ خطرات سے متعلق صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور انتظامی اداروں کی طرف سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔








