فرانس نے آبنائے ہرمز میں ممکنہ سکیورٹی آپریشنز کی تیاری کے سلسلے میں اپنے طیارہ بردار بحری جہاز شارل ڈیگول کو خلیج عدن میں تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔
آبنائے ہرمز میں ممکنہ سکیورٹی آپریشن ،فرانسیسی طیارہ بردار بحری جہاز خلیج عدن میں تعینات

مزید خبریں
پیرس۔1جولائی (اے پی پی):فرانس نے آبنائے ہرمز میں ممکنہ سکیورٹی آپریشنز کی تیاری کے سلسلے میں اپنے طیارہ بردار بحری جہاز شارل ڈیگول کو خلیج عدن میں تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔العربیہ اردو کے مطابق فرانسیسی فوج کے ترجمان کرنل گیوم ورنی نےبتایا کہ اتحادی ممالک خلیج عدن کے قریب فرانسیسی فضائی اور بحری قوت میں شامل ہو گئے ہیں۔ترجمان نے اشارہ کیا کہ فرانسیسی طیارہ بردار جہاز کے آبنائے ہرمز کے قریب پہنچنے کا مقصد وقت کی بچت اور مستعدی کو یقینی بنانا ہے۔کرنل گیوم ورنی نے اس بات کی تصدیق کی کہ فرانس خطے میں اپنے اتحادیوں کی عسکری کوششوں کو متحد کرنے پر کام کر رہا ہے۔یہ اعلان خطے میں عسکری کشیدگی میں کمی کے بعد آبنائے ہرمز میں جہازوں کی نقل و حرکت بتدریج بحال ہونے کے چند دن بعد سامنے آیا ہے جبکہ کئی ممالک اس آبی گزرگاہ پر جہاز رانی کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں جہاں سے عالمی تیل کی تجارت کا تقریباً پانچواں حصہ گزرتا ہے۔آبنائے ہرمز دنیا کے حساس ترین بحری راستوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے جو خلیج عرب کو بحیرہ عرب اور بحر ہند سے ملاتا ہے اور یہ عالمی منڈیوں تک تیل اور گیس کی منتقلی کے لیے ایک اہم شریان کی حیثیت رکھتا ہے جس کی وجہ سے اس راستے پر جہاز رانی میں کسی بھی قسم کے خلل کے اثرات براہ راست توانائی کی منڈیوں اور بین الاقوامی تجارت پر مرتب ہوتے ہیں۔








