یونیسکو عالمی ثقافتی ورثہ کمیٹی کا 48واں اجلاس 20 جولائی سے جنوبی کوریا میں شروع ہوگا

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارہ برائے تعلیم، سائنس و ثقافت (یونیسکو) کی عالمی ثقافتی ورثہ کمیٹی کا 48واں اجلاس 20 تا 29 جولائی تک جنوبی کوریا کے شہر بوسان میں منعقد ہوگا، جبکہ افتتاحی تقریب 19 جولائی کو ہوگی۔اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق اجلاس کے دوران عالمی ثقافتی ورثہ کی فہرست میں 30 نئے مقامات شامل کرنے کی درخواستوں کا جائزہ لیا جائے گا

پیرس۔1جولائی (اے پی پی):اقوام متحدہ کے ذیلی ادارہ برائے تعلیم، سائنس و ثقافت (یونیسکو) کی عالمی ثقافتی ورثہ کمیٹی کا 48واں اجلاس 20 تا 29 جولائی تک جنوبی کوریا کے شہر بوسان میں منعقد ہوگا، جبکہ افتتاحی تقریب 19 جولائی کو ہوگی۔اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق اجلاس کے دوران عالمی ثقافتی ورثہ کی فہرست میں 30 نئے مقامات شامل کرنے کی درخواستوں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ پہلے سے فہرست میں شامل تین مقامات سے متعلق تجاویز بھی زیر غور آئیں گی۔ اس کے علاوہ عالمی ثقافتی ورثہ کی فہرست میں شامل 147 مقامات کی تحفظ کی موجودہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔یونیسکو کے مطابق اب تک 170 ممالک کے ایک ہزار 248 مقامات کو عالمی ثقافتی ورثہ کی فہرست میں شامل کیا جا چکا ہے۔ اس فہرست میں قدرتی، ثقافتی اور مشترکہ ورثے کے ایسے مقامات شامل کیے جاتے ہیں جنہیں غیر معمولی عالمی اہمیت حاصل ہو اور جن کا تحفظ موجودہ اور آئندہ نسلوں کے لیے ضروری ہو۔یونیسکو کا کہنا ہے کہ عالمی ثقافتی ورثہ کا درجہ نہ صرف ان مقامات کے تحفظ، بحالی اور پائیدار انتظام کو فروغ دیتا ہے بلکہ ذمہ دارانہ سیاحت کے فروغ، مقامی معیشت کی مضبوطی، ثقافتی تنوع سے متعلق عوامی آگاہی میں اضافے اور قدرتی ورثے و حیاتیاتی تنوع کے طویل المدتی تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔