چیئرمین سینیٹ کا کاہنہ ٹیوشن سینٹر حادثے میں جاں بحق بچوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کاہنہ ٹیوشن سینٹر حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے

اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کاہنہ ٹیوشن سینٹر حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کاہنہ کا یہ المناک سانحہ پوری قوم کو سوگوار کر گیا ہے اور قوم متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ جاں بحق بچوں کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

انہوں نے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لئے نیک خواہشا ت کا اظہار کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے اس افسوسناک واقعے کے تناظر میں تعلیمی اداروں کی عمارتوں کے حفاظتی معیار پر سختی سے عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ادارے تعلیمی عمارتوں کے حفاظتی انتظامات کا باقاعدگی سے جائزہ لیں اور مستقبل میں ایسے المناک حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ ریاست اور متعلقہ اداروں کی اولین ذمہ داری ہے، اس معاملے میں غفلت کی کوئی گنجائش نہیں اور تعلیمی اداروں کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جانی چاہیے۔

مزید خبریں