وفاقی حکومت نے متوازن بجٹ پیش کیا ، نوجوانوں کی ترقی، تعلیم، کھیل، جدت اور ہنر مندی کی تربیت کیلئے ریکارڈ فنڈز مختص کیے گئے ہیں، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کا پریس کانفرنس سے خطاب

وفاقی حکومت نے متوازن بجٹ پیش کیا ، نوجوانوں کی ترقی، تعلیم، کھیل، جدت اور ہنر مندی کی تربیت کیلئے ریکارڈ فنڈز مختص کیے گئے ہیں، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کا پریس کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں احمد خاں نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے متوازن بجٹ پیش کیا ہے جس میں نوجوانوں کی ترقی، تعلیم، کھیل، جدت اور ہنر مندی کی تربیت کے لیے ریکارڈ فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوان پاکستانیوں کو میرٹ کی بنیاد پر مواقع فراہم کرنے، فنی تعلیم، ڈیجیٹل جدت، بیرون ملک روزگار اور قومی معیشت و سلامتی سے متعلق اہم چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔

رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ حکومت نے حالیہ بین الاقوامی صورت حال کے دوران عوام کو 125 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی جو وزیراعظم شہباز شریف کے عوام کو معاشی مشکلات سے بچانے کے عزم کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے قومی مفادات اور حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت دہشت گردی اور سندھ طاس معاہدے سے متعلق یکطرفہ اقدامات کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے تاہم پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر اس کا بھرپور جواب دے گا۔وفاقی بجٹ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شدید مالی مشکلات کے باوجود حکومت نے تمام اہم شعبوں کا تحفظ کیا اور ملک کی تاریخ کا سب سے متوازن بجٹ پیش کرنے میں کامیاب رہی۔

انہوں نے کہا کہ اس کا سہراوزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو جاتا ہے، جنہوں نے نوجوانوں پر مبنی منصوبوں کے لیے نمایاں فنڈز مختص کیے۔رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ نوجوانوں کو عزت، ہنر اور خود انحصاری فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے یاد دلایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب کے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے اپنے پہلے دور میں پاکستان کا پہلا باقاعدہ یوتھ پروگرام شروع کیا جس نے ملک میں نوجوانوں کی ترقی کے منصوبوں کی بنیاد رکھی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت کھیلوں کی سرگرمیوں میں ملک بھر سے تین لاکھ سے زائد نوجوانوں نے حصہ لیا جبکہ میرٹ پر مبنی ٹیلنٹ ہنٹ کے ذریعے9کھلاڑیوں نے پاکستان سپر لیگ میں جگہ بنائی۔ قومی کھیل ہاکی کے حوالے سے ایک تاریخی اقدام کا اعلان کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ اس سال پاکستان کی تاریخ کا پہلا ملک گیر ہاکی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا جائے گا۔ اس کے تحت گلیوں، محلوں، قصبوں اور شہروں سے باصلاحیت لڑکوں اور لڑکیوں کو منتخب کرکے انہیں پیشہ ورانہ تربیت دی جائے گی اور پاکستان کی پہلی ہاکی لیگ میں شرکت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے نوجوانوں کو سماجی خدمت اور قومی تعمیر میں کردار ادا کرنے کے لیے ملک گیر والنٹیئر کور کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ڈیجیٹل شعبے پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے پاکستان کی پہلی قومی ای سپورٹس پالیسی کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت آئندہ دو ماہ میں ملک کی پہلی ای سپورٹس فیڈریشن قائم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ای سپورٹس صرف مسابقتی گیمنگ تک محدود نہیں بلکہ گیم ڈویلپمنٹ بھی اس کا اہم حصہ ہے، جو ایک اربوں ڈالر کی عالمی صنعت بن چکی ہے اور پاکستان اس میں اپنا جائز حصہ حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال ملک بھر میں ای سپورٹس ایریناز اور گیم ڈویلپمنٹ سینٹرز کے قیام کے لیے نمایاں سرمایہ کاری کی جائے گی۔ انہوں نے پاکستانی گیمنگ چیمپئن ارسلان ایش کے آٹھویں عالمی اعزاز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک بھر سے باصلاحیت نوجوانوں کو تلاش کرکے عالمی معیار کی تربیت فراہم کرے گی تاکہ مزید عالمی چیمپئن تیار کیے جا سکیں۔

انہوں نے نوجوان تخلیق کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے نیشنل انوویشن ایوارڈز کے اجراء کا اعلان بھی کیااور کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے قائم کردہ نیشنل انکیوبیشن سینٹرز ابھرتے ہوئے کاروباری افراد اور ٹیکنالوجی سٹارٹ اپس کو بہترین مواقع فراہم کر رہے ہیں۔رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ حکومت گرین یوتھ موومنٹ کا آغاز کرے گی جس کے تحت ملک بھر کی جامعات میں گرین یوتھ موومنٹ (GYM) کلب قائم کیے جائیں گے تاکہ ماحولیاتی آگاہی اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے اقدامات کو فروغ دیا جا سکے۔تعلیم کے شعبے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ نئے دانش سکولوں کے قیام کے لیے رواں سال24.48ارب روپے مختص کیے گئے ہیں تاکہ کمیونٹی کی سطح پر جدید تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکول ماڈل کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ تربیت، سائنس و ٹیکنالوجی، فنون و ثقافت، جدت اور کھیلوں کو ایک ہی پلیٹ فارم کے تحت یکجا کر رہا ہے تاکہ باصلاحیت نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان تمام حکومتی منصوبوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں اور ملک کی ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ حکومت نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے لیے تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ مختص کیا ہے۔ گزشتہ سال تقریباً آٹھ سے نو لاکھ تربیت یافتہ پاکستانی نوجوان بیرون ملک روزگار حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے جبکہ رواں سال یہ ہدف بڑھا کر 17 لاکھ سے 18 لاکھ نوجوانوں تک کر دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے لیے بھی کئی ارب روپے مختص کیے ہیں تاکہ فنی، سافٹ اور اخلاقی مہارتوں کی تربیت کو وسعت دی جا سکے جبکہ نوجوانوں میں حب الوطنی اور ذمہ دار شہری ہونے کا شعور بھی فروغ دیا جائے۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے تعاون سے وزیراعظم یوتھ پروگرام پاکستان کے نوجوانوں پر سرمایہ کاری کا سلسلہ جاری رکھے گا، کیونکہ نوجوان ہی ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ اور مستقبل کی خوشحالی، ترقی اور استحکام کی اصل قوت ہیں۔