صوبے میں سرمایہ کاری، تجارت اور صنعتی ترقی کے فروغ کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، بلال خان کاکڑ

بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق صوبے میں سرمایہ کاری، تجارت اور صنعتی ترقی کے فروغ کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اسی وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ

کوئٹہ۔ 01 جولائی (اے پی پی):بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق صوبے میں سرمایہ کاری، تجارت اور صنعتی ترقی کے فروغ کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اسی وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ، بیوٹمز کے اشتراک سے آئندہ ماہ عالمی معیار کی بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو منعقد کرے گا، جو صوبے کی معاشی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور نوجوانوں کے لیے نئے روزگار اور کاروباری مواقع پیدا کرنے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بیوٹمز میں منعقدہ بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو کے رضاکار طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر قائم لاشاری، بیوٹمز کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر میر وائس کاسی، رجسٹرار ڈاکٹر احسن اچکزئی ،فیکلٹی ممبران اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ بلال خان کاکڑ نے کہا کہ سرکاری شعبے میں تمام نوجوانوں کو ملازمت فراہم کرنا ممکن نہیں اس لئے نوجوان انٹرپرنیورشپ اور کاروبار کی جانب آئیں ، ہم صوبے کی یوتھ کو مواقع اور تربیت فراہم کرینگے ، انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے، سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانے اور نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے تاکہ مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کار بلوچستان کے مختلف شعبوں میں اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ منعقد ہونے والی بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار، کاروباری شخصیات، صنعتی ادارے، ترقیاتی شراکت دار، سفارتی نمائندے، تعلیمی ادارے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ماہرین شرکت کریں گے۔ ایکسپو کے دوران بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع، صنعتی شعبے، معدنی وسائل، زرعی و تجارتی امکانات، سیاحت اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے رضاکار طلبہ و طالبات کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان کسی بھی بڑے قومی اور بین الاقوامی ایونٹ کی کامیابی میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کی توانائیاں، پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور جذبہ اس ایونٹ کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ بلال خان کاکڑ نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان نوجوانوں کو بااختیار بنانے، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے پْرعزم ہے۔ اس موقع پر پرو وائس چزنسلر ڈاکٹر میروائس کاسی نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اس ایکسپو کی کامیابی میں اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ بی بی او آئی ٹی کے سی ای او قائم لاشاری نے بلوچستان سرمایہ کاری بوراد کے اغراض و مقاصد پر بریفنگ دی جبکہ ڈاکٹر احسن اچکزئی نے بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو کی تیاریوں اور رضاکار طلبا و طالبات کے کردار پر روشنی ڈالی۔