سری لنکا نے آئندہ برسوں میں اپنی معاشی ترقی کی شرح 7 سے 8 فیصد تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے جس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، الیکٹریکل اور الیکٹرانکس کے شعبوں کی شرح نمو میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سری لنکا کا آئندہ برسوں میں 7 سے 8 فیصد معاشی ترقی کا ہدف مقرر

مزید خبریں
کولمبو۔2جولائی (اے پی پی):سری لنکا نے آئندہ برسوں میں اپنی معاشی ترقی کی شرح 7 سے 8 فیصد تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے جس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، الیکٹریکل اور الیکٹرانکس کے شعبوں کی شرح نمو میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔شنہوا کے مطابق سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے نے یہ بات صدارتی سیکریٹریٹ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، الیکٹریکل اور الیکٹرانکس شعبوں سے تعلق رکھنے والے ممتاز سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں سے ملاقات کے دوران کہی۔ صدر کے میڈیا ڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر نے کہا کہ حکومت معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے لیے 2027 میں سرمایہ جاتی اخراجات کی مد میں 20 کھرب سری لنکن روپے (تقریباً 6 ارب امریکی ڈالر) مختص کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔بیان کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ اس وقت سری لنکا کی برآمدی آمدنی کا تیسرا بڑا ذریعہ ہے اور اس میں سالانہ 5 ارب امریکی ڈالر تک آمدنی کی صلاحیت موجود ہے۔
اسی طرح الیکٹریکل اور الیکٹرانکس کا شعبہ، جو اس وقت تقریباً 50 کروڑ امریکی ڈالر کی برآمدی آمدنی حاصل کر رہا ہے، مستقبل میں اپنی سالانہ آمدنی 2 ارب امریکی ڈالر تک بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ڈیجیٹل معیشت کے نائب وزیر ایرانگا ویرا رتنے نے کہا کہ حکومت ایک ورچوئل اسپیشل اکنامک زون اور ڈیٹا سینٹر قائم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ اس کے علاوہ تحقیق و ترقی کے لیے الیکٹرانک آلات کی درآمد میں کسٹمز سے متعلق رکاوٹیں کم کرنے کے لیے گرین چینل نظام متعارف کرایا جائے گا، جبکہ کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور سافٹ ویئر ایز اے سروس جیسی خدمات کی بیرون ملک ادائیگیوں میں درپیش بینکاری اور کریڈٹ کارڈ کی مشکلات بھی دور کی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہنر مند افراد کو ملک میں برقرار رکھنے اور ان کی بیرون ملک نقل مکانی کم کرنے کے لیے متبادل مراعاتی اسکیموں پر بھی غور کر رہی ہے۔








