ہاکی کے عالمی مقابلوں میں قومی ٹیم کی شرکت یقینی بنائیں گے، وفاقی سیکرٹری محی الدین وانی کا رسجا کی تقریب سے خطاب
ہاکی کے عالمی مقابلوں میں قومی ٹیم کی شرکت یقینی بنائیں گے، وفاقی سیکرٹری محی الدین وانی کا رسجا کی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ اور صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف)محی الدین وانی نے قومی کھیل کی بحالی اور آئندہ کے عالمی مقابلوں میں قومی ٹیم کی بھرپور شرکت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی ہاکی فیڈریشن کے فنڈز 400 ملین روپے تک پہنچ چکے ہیں، یہ خطیر رقم 100 فیصد کھلاڑیوں کی جدید تربیت، سفری سہولیات پر خرچ کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) اور سرینا کے اشتراک سے منعقدہ ’’انٹرنیشنل سپورٹس جرنلسٹ ڈے‘‘ اور نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نےواضح کیا کہ گزشتہ 3 ماہ کے دوران کھلاڑیوں پر 11 کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں جبکہ آئندہ دو ہفتوں میں انڈر 18 بوائز ٹیم عمان اور انڈر 21 ٹیم کو بین الاقوامی مقابلوں کے لیے بیرون ملک بھجوایا جا رہا ہے۔
محی الدین وانی نے فیڈریشن کی ماضی کی خراب صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ جب انہوں نے چارج سنبھالا تو اکائونٹ میں صرف 2 ملین (20 لاکھ) روپے موجود تھے، لیکن انہوں نے دن رات کی محنت سے حکومت اور پرائیویٹ سیکٹر کے سپانسرز کے تعاون سے اس رقم کو 400 ملین (40 کروڑ) روپے تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ ان فنڈز میں سے ان کے اپنے سمیت فیڈریشن کے کسی بھی عہدیدار کا کوئی غیر ملکی دورہ سپانسر نہیں کیا جائے گا بلکہ یہ تمام وسائل صرف اور صرف ہاکی کی بہتری پر لگیں گے۔صدر پی ایچ ایف نے قومی ٹیم کے مستقبل کے روڈ میپ اور عالمی مقابلوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہاکی ورلڈ کپ، کوریا ٹور، ایشین گیمز اور چائنا کپ میں پاکستانی ہاکی ٹیم کی شرکت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کی خامیوں کو دور کرنے اور کھیل کا بین الاقوامی معیار بڑھانے کے لیے انٹرنیشنل کوچز جو اپنے شعبوں میں سپیشلائزڈ ہوں گے، کی خدمات حاصل کر رہے ہیں۔ گول کیپنگ، سائیکلوجیکل اور فزیکل فٹنس کے ماہر انٹرنیشنل ٹرینرز ہماری ٹیم اور کوچز کو تربیت دیں گے تاکہ دو سال بعد ہمارے اپنے مقامی کوچز ٹیم کی تربیت کی مکمل ذمہ داری سنبھال سکیں۔تقریب کے دوران رسجا کے صدر ابوبکر طلعت،ذوالفقار بیگ سینئر نائب صدر، زاہد اعوان اور اصغر علی مبارک نائب صدور، عمبرین علی جنرل سیکرٹری، ذیشان قیوم سینئر جوائنٹ سیکرٹری، اویس لطیف اور عقیل انجم جوائنٹ سیکرٹریز جبکہ فنانس سیکرٹری ناصر عباس نقوی ، گورننگ باڈی اراکین گیبریل ڈی سوزا، اویس عباسی، کرن خان اور عاصم ریاض کے علاوہ سینئر سپورٹس جرنلسٹ محی شاہ، الیکشن کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان، رانا فرحان اسلم، شاکر عباسی اور عاصم جیلانی موجود تھے۔
تقریب کے اختتام پر نومنتخب صدر ابوبکر بن طلعت اور جنرل سیکرٹری عمبرین علی نے تمام اراکین کا اظہار اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ نئی منتخب قیادت ایسوسی ایشن کی پیشہ ورانہ روایات، اتحاد، شفافیت اور وقار کو مزید مضبوط بنائے گی اور ملک میں سپورٹس جرنلزم کے فروغ، پیشہ ورانہ اخلاقیات کے استحکام اور صحافیوں کے درمیان باہمی تعاون کو مزید موثر بنانے کے لیے اپنا فعال سفر جاری رکھے گی۔








