وزیراعظم شہباز شریف 3 سے 5 جولائی تک ایران اور ترکیہ کا سرکاری دورے کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ

وزیراعظم شہباز شریف 3 سے 5 جولائی تک ایران اور ترکیہ کا سرکاری دورے کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف 3 سے 5 جولائی تک ایران اور ترکیہ کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ اس دورے میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، دیگر وفاقی وزراء سمیت اعلیٰ حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف ایران کے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کے لیے ایران جائیں گے۔ وزیراعظم پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے ایرانی قیادت اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کریں گے اور اس گہرے غم کی گھڑی میں برادر ایرانی قوم کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کریں گے۔

بعد ازاں وزیراعظم ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر استنبول جائیں گے جہاں وہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں پر بات چیت کریں گے جس میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ دونوں رہنما علاقائی امن و سلامتی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

استنبول میں قیام کے دوران وزیراعظم پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہونے والی بزنس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے جس کا مقصد خصوصی اقتصادی زونز، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور نجکاری سمیت ترجیحی شعبوں میں پاکستان کی تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرنا ہے۔

اس کانفرنس میں ترکیہ کے ممتاز کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کے علاوہ اعلیٰ سرکاری حکام اور دیگر معزز شرکا بھی شرکت کریں گے۔ ایران اور ترکیہ کے یہ دورے دونوں برادر ممالک کے ساتھ پاکستان کے گہرے تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں۔

مزید خبریں