حکومت سندھ کا "آئی ورک فار سندھ”کو سرکاری پروگرام کی حیثیت دینے کا فیصلہ
حکومت سندھ کا "آئی ورک فار سندھ”کو سرکاری پروگرام کی حیثیت دینے کا فیصلہ

مزید خبریں
کراچی۔ 02 جولائی (اے پی پی):حکومت سندھ نے روزگار کی فراہمی کے پائلٹ منصوبے "آئی ورک فار سندھ”کو باقاعدہ سرکاری پروگرام کی حیثیت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق اس فیصلے کا اعلان سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا جس میں سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمان میمن، ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز معز پیرزادہ، ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ محمد یوسف کابورو، ڈائریکٹر فلمز حزب اللہ میمن اور ڈپٹی ڈائریکٹر سارنگ لطیف چانڈیو سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں "آئی ورک فار سندھ”کو مزید موثر، مربوط اور جدید انداز میں چلانے کے لیے جامع حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا جبکہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے سرکاری اور نجی شعبے میں روزگار کے مواقع صوبے کے نوجوانوں تک زیادہ موثر انداز میں پہنچانے کے مختلف پہلوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ "آئی ورک فار سندھ” مختصر عرصے میں سندھ کے نوجوانوں اور روزگار فراہم کرنے والے اداروں کے لیے ایک موثر ڈیجیٹل پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک پلیٹ فارم پر 48لاکھ سے زائد افراد وزٹ کر چکے ہیں، جبکہ ایک لاکھ 13 ہزار امیدوار رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔ اسی طرح 670 کمپنیاں پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ ہیں، اس وقت 11 ہزار 100 ملازمتیں فعال ہیں، مجموعی طور پر 20 ہزار 800 ملازمتیں پوسٹ کی جا چکی ہیں جبکہ اب تک 4 لاکھ 19 ہزار سے زائد ملازمت کی درخواستیں جمع کرائی جا چکی ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پورٹل پر خودکار طریقے سے سی وی بنانے کی سہولت بھی دستیاب ہے جبکہ نوجوانوں کی مہارتوں میں اضافے کے لیے "لرن اینڈ ارن” فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی صنعتی ماہرین کی جانب سے لائیو کیریئر کانسلنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، جس کے ذریعے نوجوانوں کو براہ راست کیریئر رہنمائی، پیشہ ورانہ مشورے اور روزگار سے متعلق موثر رہنمائی حاصل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ "آئی ورک فار سندھ” کو پائلٹ منصوبے سے باقاعدہ سرکاری پروگرام میں تبدیل کرنا چاہتی ہے تاکہ صوبے بھر کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع تک آسان، شفاف اور موثر رسائی فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پروگرام کی کامیابی کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون اور مربوط انداز میں کام کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔اجلاس میں حکومت سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کی موثر تشہیر، جدید ڈیجیٹل کمیونیکیشن حکمت عملی، اخبارات اور میڈیا ہائوسز سے متعلق امور اور اظہارِ رائے کی آزادی کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ محکمہ اطلاعات حکومت اور عوام کے درمیان موثر رابطے کا بنیادی ذریعہ ہے، لہذا جدید تقاضوں کے مطابق اطلاعات کی بروقت، شفاف اور موثر ترسیل کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اخبارات اور میڈیا ہائوسز سے متعلق تمام جائز امور قانون اور قواعد و ضوابط کے مطابق بروقت نمٹائے جائیں۔








