سویٹزرلینڈ کی ٹیم اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت 23ویں فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئی۔
فٹ بال ورلڈ کپ ،سویٹزرلینڈ رائونڈ 32 میچ میں الجزائر کو 0-2 سے ہرا کر ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا
وینکوور۔3جولائی (اے پی پی):سویٹزرلینڈ کی ٹیم اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت 23ویں فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئی۔ شنہوا کے مطابق سویٹزرلینڈ نے رائونڈ 32 میچ میں الجزائر کو 0-2 سے ہرا کر ورلڈ کپ کے ٹاپ 16 رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔ بریل ڈونلڈ ایمبولو اور ڈین نڈوئےنے ایک، ایک گول کر کے اپنی ٹیم سویٹزرلینڈ کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ بی سی پلیس، وینکوور،کینیڈا میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے رائونڈ 32 کے میچ میں سویٹزرلینڈ اور الجزائر کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں سویٹزرلینڈ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے الجزائر کے خلاف 0-2 کی یکطرفہ جیت کے ساتھ ورلڈ کپ کے راؤنڈ 16 میں جگہ بنا لی ہے۔ سویٹزرلینڈ کا پری کوارٹر فائنل میں جمعہ کو کولمبیا اور گھانا کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
میچ میں جوہان منزامبی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بائیں ونگ سے کراس پاس دیا جس پر بریل ایمبولو نے گیند کو نیٹ میں پہنچا کر پہلا گول سکور کیا۔ ہاف ٹائم کے فوراً بعد میچ کے دوسرے ہی منٹ میں ڈین نڈوئے نے الجزائر کے رفیق بلغالی کی کمزور کلیئرنس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کھلاڑیوں کے ہجوم کے درمیان سے گیند کو گول پوسٹ میں ڈال کر سویٹزرلینڈ کی برتری 0-2 کر دی۔ الجزائر کے گول کیپر لوکا زیڈان اس گیند کو روکنے میں ناکام رہے جو شمالی افریقی ٹیم کے لئے ایک مایوس کن رات کا سبب بنی۔ اس شکست کے ساتھ ہی الجزائر کی ٹیم راؤنڈ آف 32 سے باہر ہونے والی دیگر افریقی ٹیموں آئیوری کوسٹ، کانگو، سینیگال اور ساؤتھ افریقاکی فہرست میں شامل ہو گئی ہے جبکہ افریقاکی جانب سے اب تک صرف مراکش ہی پری کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچ سکا ہے۔









