مردان، ایس پی انویسٹی گیشن کی زیر اہتمام فارنزک آگاہی ورکشاپ

ایس پی انویسٹی گیشن ماریہ مصطفیٰ کی زیر اہتمام، شعبہ فارنزک میڈیسن اینڈ ٹاکسیکولوجی، ایم ٹی آئی باچا خان میڈیکل کالج مردان کے اشتراک سے ضلع بھر کے ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران کے لیے ڈی پی او آفس مردان کے کانفرنس ہال میں فارنزک آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا

پشاور۔ 03 جولائی (اے پی پی):ایس پی انویسٹی گیشن ماریہ مصطفیٰ کی زیر اہتمام، شعبہ فارنزک میڈیسن اینڈ ٹاکسیکولوجی، ایم ٹی آئی باچا خان میڈیکل کالج مردان کے اشتراک سے ضلع بھر کے ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران کے لیے ڈی پی او آفس مردان کے کانفرنس ہال میں فارنزک آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔تر جمان مردان پولیس کے مطابق ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین شعبہ فارنزک میڈیسن اینڈ ٹاکسیکولوجی پروفیسر ڈاکٹر فصیح الزمان نے فارنزک سائنس، میڈیکو لیگل نظام، سائنسی شواہد کے درست حصول، محفوظ رکھنے اور چین آف کسٹڈی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ موثر تفتیش اور بروقت انصاف کے لیے پولیس، عدلیہ اور طبی ماہرین کے درمیان قریبی تعاون ناگزیر ہے۔ایس پی انویسٹی گیشن ماریہ مصطفیٰ نے کہا کہ جدید تفتیش میں سائنسی شواہد کا موثر استعمال انتہائی اہم ہے، اسی مقصد کے تحت اس نوعیت کی تربیتی ورکشاپس کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ تفتیشی افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہو۔ورکشاپ کے اختتام پر شرکا اور فارنزک ماہرین کے درمیان سوال و جواب اور پیشہ ورانہ تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔