ملتان ،ایف آئی اے امیگریشن کی کارروائ، دو سال سے مطلوب انسانی اسمگلر ملتان ائیرپورٹ سے گرفتار

ایف آئی اے امیگریشن ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے سعودی عرب سے آنے والے ایک مسافر کو امیگریشن کلیئرنس کے دوران گرفتار کر لیا،

ملتان۔ 03 جولائی (اے پی پی):ایف آئی اے امیگریشن ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے سعودی عرب سے آنے والے ایک مسافر کو امیگریشن کلیئرنس کے دوران گرفتار کر لیا، جو گزشتہ دو سال سے انسانی اسمگلنگ کے مقدمے میں ایف آئی اے لاہور زون کو مطلوب تھا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت حسنین ظفر کے نام سے ہوئی، جس کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران ریکارڈ چیک کرنے پر مطلوب ہونے کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد اسے فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔ابتدائی ریکارڈ کے مطابق ملزم نے 2024 میں جعلی سفری دستاویزات کے ذریعے یورپ جانے کی کوشش کی تھی، جس کے بعد اس کے خلاف انسانی اسمگلنگ کا مقدمہ درج ہوا اور وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب ہونے کے باوجود مفرور تھا۔گرفتاری کے بعد ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے ملتان زون کے حوالے کر دیا گیا، جہاں سے اسے مزید کارروائی اور زیرِ التوا مقدمے کی تفتیش کے لیے ایف آئی اے لاہور زون منتقل کیا جائے گا۔