کوئٹہ میں گن پوائنٹ پر چھینی گئی موٹر سائیکل بروقت کارروائی سے برآمد کرلی گئی،ترجمان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس

موٹروے پولیس نےکارروائی کر کے کوئٹہ میں گن پوائنٹ پر چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

کوئٹہ۔ 03 جولائی (اے پی پی):موٹروے پولیس نےکارروائی کر کے کوئٹہ میں گن پوائنٹ پر چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ترجمان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق آج صبح تقریباً 09:20 بجے سیکٹر-III کے افسران ٹائیگر-3 (IDP-4693) پر LOC-699 کے مقام پر معمول کی گشت پر مامور تھے کہ ایک شہری نے اطلاع دی کہ چند لمحے قبل نامعلوم موٹر سائیکل سوار گن پوائنٹ پر اس سے موٹر سائیکل چھین کر بلیلی کی جانب فرار ہو گئے ہیں۔اطلاع موصول ہوتے ہی موٹروے پولیس نے فوری طور پر وائرلیس کے ذریعے تمام متعلقہ نفری کو الرٹ کیا اور کنٹرول روم سے پیغام جاری کیا گیا، جس کے بعد مختلف مقامات پر ناکہ بندی کر دی گئی۔

DHA کے مقام پر تعینات افسران نے موثر حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے ملزمان کا راستہ روکنے کی کوشش کی۔جب ملزمان مذکورہ مقام پر پہنچے اور موٹروے پولیس کی بھاری نفری کو دیکھا تو وہ اپنی گرفتاری سے بچنے کے لیے چھینی گئی موٹر سائیکل اور اپنی استعمال شدہ موٹر سائیکل دونوں موقع پر چھوڑ کر سڑک سے نیچے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔موٹروے پولیس نے دونوں موٹر سائیکلیں اپنی تحویل میں لے کر ضلعی پولیس سے فوری رابطہ کر لیا ہے۔ واقعے کے ذمہ دار ملزمان کی گرفتاری کے لیے ضلعی پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں ۔

ڈی آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ویسٹ زون، ڈاکٹر قریش خان نےکارروائی پر متعلقہ افسران کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور عوام کی بروقت مدد کے لیے ہر وقت مستعد رہے گی اور عوامی خدمت کے اپنے مشن کو پوری ذمہ داری، خلوص اور پیشہ ورانہ انداز میں جاری رکھے گی۔