سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب کا دورہ الحمرا آرٹس کونسل، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا

سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب سید طاہر رضا ہمدانی نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا محمد نواز گوندل کے ہمراہ الحمرا اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس اور الحمرا سٹوڈیوز میں جاری تزئین و آرائش، اپ گریڈیشن اور سہولیات کی بہتری کے منصوبوں کا دورہ کیا

لاہور۔3جولائی (اے پی پی):سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب سید طاہر رضا ہمدانی نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا محمد نواز گوندل کے ہمراہ الحمرا اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس اور الحمرا سٹوڈیوز میں جاری تزئین و آرائش، اپ گریڈیشن اور سہولیات کی بہتری کے منصوبوں کا دورہ کیا جہاں جاری ترقیاتی کاموں، تعمیراتی معیار، سہولیات کی بہتری اور منصوبے کی مجموعی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ترجمان الحمرا کےمطابق دورے کے موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن عمیر حسن نے سیکرٹری اطلاعات و ثقافت کو جاری ترقیاتی کاموں بارے بریفنگ میں بتایا کہ منصوبے کے تحت الحمرا اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس اور الحمرا سٹوڈیوز کے تدریسی و تخلیقی ماحول کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، اس ضمن میں کلاس رومز، ریہرسل سپیسز، سٹوڈیوز، انفراسٹرکچر، تکنیکی سہولیات، داخلی و خارجی تزئین و آرائش، حفاظتی انتظامات اور طلبہ ، اساتذہ و فنکاروں کے لیے دستیاب سہولیات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ فنونِ لطیفہ کی تعلیم، تربیت، تحقیق اور تخلیقی سرگرمیوں کے لیے عالمی معیار کا ماحول فراہم کیا جا سکے۔

بریفنگ کے دوران منصوبے کی مجموعی پیش رفت، تعمیراتی معیار، مقررہ ٹائم لائن، وسائل کے استعمال، معیار کی نگرانی، حفاظتی اقدامات اور آئندہ مراحل کے حوالے سے بھی تفصیلی آگاہ کیا گیا۔ سیکرٹری اطلاعات و ثقافت نے جاری ترقیاتی کاموں کا باریک بینی سے معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ تمام منصوبے اعلیٰ تعمیراتی معیار، شفافیت اور مقررہ مدت کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ فنکاروں، طلبہ اور ثقافتی شعبے سے وابستہ افراد کو جدید اور معیاری سہولیات میسر آ سکیں۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا محمد نواز گوندل نے کہا کہ الحمرا کو جدید ثقافتی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، الحمرا اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس اور الحمرا سٹوڈیوز کی اپ گریڈیشن سے نہ صرف فنونِ لطیفہ کی تعلیم و تربیت کے معیار میں مزید بہتری آئے گی بلکہ نوجوان فنکاروں کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے جدید، باوقار اور سازگار ماحول بھی میسر آئے گا۔دورے کے اختتام پر سیکرٹری نے جاری ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پنجاب ثقافت، فنونِ لطیفہ اور تخلیقی اداروں کے فروغ کے لیے تمام ممکن وسائل بروئے کار لاتی رہے گی تاکہ الحمرا اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ مثالی ثقافتی ادارے کے طور پر مزید موثر کردار ادا کر سکے۔