چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو ملتان نے گزشتہ جون کے دوران خصوصی انسدادِ گداگری مہم اور ریسکیو آپریشنز کے تحت 39 بچوں کو حفاظتی تحویل میں لیا
چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو نے 39 بچوں کو حفاظتی تحویل میں لیا

مزید خبریں
ملتان۔ 03 جولائی (اے پی پی):چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو ملتان نے گزشتہ جون کے دوران خصوصی انسدادِ گداگری مہم اور ریسکیو آپریشنز کے تحت 39 بچوں کو حفاظتی تحویل میں لیا، جن میں بھکاری، گھر سے بھاگے ہوئے، گمشدہ، لاوارث، بے آسرا اور دیگر ضرورت مند بچے شامل تھے۔چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو ملتان کے ترجمان راؤ نوید مختار کے مطابق چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب سارہ احمد کی ہدایت پر جون بھر خصوصی انسدادِ گداگری مہم اور ریسکیو آپریشنز جاری رہے۔ اس دوران حفاظتی تحویل میں لیے گئے 25 بچوں کو لواحقین کی تلاش مکمل ہونے کے بعد ان کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ بچوں کو شہر کے مختلف مقامات پر ریسکیو آپریشنز کے دوران جبکہ بعض بچوں کو چائلڈ ہیلپ لائن 1121 پر موصول ہونے والی اطلاعات کی بنیاد پر حفاظتی تحویل میں لیا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ انسدادِ گداگری مہم کے دوران بچوں کے تحفظ، چائلڈ ٹریفکنگ کی روک تھام اور عوامی شعور کی بیداری کے لئے آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر کہیں بھکاری، گھر سے بھاگا ہوا، گمشدہ، لاوارث، بے آسرا یا جنسی و جسمانی تشدد کا شکار کوئی بچہ نظر آئے تو فوری طور پر چائلڈ ہیلپ لائن 1121 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔








