استور ،چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کا مون سون اور گلوف سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ، غفلت پر فوری کارروائی کی ہدایت

چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے آئندہ مون سون سیزن اور ممکنہ گلیشیائی جھیل پھٹنے (گلیشیئر لیک آؤٹ برسٹ فلڈ/گلوف) کے خطرات کے پیش نظر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا

استور۔ 03 جولائی (اے پی پی):چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے آئندہ مون سون سیزن اور ممکنہ گلیشیائی جھیل پھٹنے (گلیشیئر لیک آؤٹ برسٹ فلڈ/گلوف) کے خطرات کے پیش نظر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور تمام اداروں کو ہر وقت مکمل الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے بھرپور تیاری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس کے بعد چیف سیکریٹری نے مناور میں واقع گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (جی بی ڈی ایم اے) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (پی ای او سی) اور ہنگامی امدادی سامان کے ذخائر کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہیں مانیٹرنگ، قبل از وقت انتباہی نظام، ہنگامی ردعمل کے طریقہ کار اور مجموعی تیاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بعد ازاں چیف سیکریٹری نے منوگا نالہ کا دورہ کرکے جاری بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متاثرہ علاقے کی زمینی صورتحال کا معائنہ کیا، مقامی افراد سے ملاقات کی اور جاری کاموں کے حوالے سے معلومات حاصل کیں ۔دورے کے دوران بعض انتظامی اور عملی خامیوں پر چیف سیکریٹری نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف فوری انتظامی اور محکمانہ کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام خامیوں کو بلا تاخیر دور کیا جائے اور بحالی کے کاموں کو تیز رفتاری سے مکمل کرکے عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔چیف سیکریٹری نے اس موقع پر کہا کہ مون سون سیزن کے دوران عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مکمل تیاری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت اور مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔