آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ، فائنل کے لیے ایمریٹس آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف میچ آفیشلز کا اعلان

آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ، فائنل کے لیے ایمریٹس آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف میچ آفیشلز کا اعلان

لاہور۔3جولائی (اے پی پی):لارڈز کرکٹ گراونڈ میں اتوار5 جولائی کو کھیلے جانے والے آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ2026 کے فائنل کے لیے ایمریٹس آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا گیا ہے۔فائنل میں میزبان انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔آئی سی سی کے مطابق جیکولین ولیمز اور ورندا راٹھی کو فائنل کیلئے آن فیلڈ امپائرز مقرر کیا گیا ہے۔جیکولین ولیمز اپنے کیریئر میں پانچویں ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔

وہ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ،انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیمی فائنل اور آسٹریلیا و بھارت کے اہم گروپ میچ میں بھی امپائرنگ کر چکی ہیں۔یہ ان کے کیریئر کا دوسرا ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ فائنل ہوگا،اس سے قبل وہ 2023 کے فائنل میں بھی آن فیلڈ امپائر رہ چکی ہیں۔

ورندا راٹھی پہلی مرتبہ ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں آن فیلڈ امپائر کی ذمہ داریاں نبھائیں گی۔انہوں نے ایونٹ کے دوران آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے سیمی فائنل سمیت انگلینڈ اور آئرلینڈ کے میچ میں بھی امپائرنگ کی۔کِم کاٹن کو تھرڈ امپائر جبکہ نمالی پریرا کو فورتھ امپائر مقرر کیا گیا ہے۔ جی ایس لکشمی فائنل میں میچ ریفری کی ذمہ داریاں انجام دیں گی۔وہ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ کے علاوہ سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے اہم مقابلے میں بھی میچ ریفری رہ چکی ہیں۔