اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد علی وڑائچ کی عدالت نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں نومولود بچے کی حوالگی سے متعلق دائر درخواست مسترد کر دی۔ درخواست نومولود بچے کی نانی کی جانب سے دائر کی گئی تھی جس میں ہسپتال انتظامیہ سے بچے کی حوالگی کی استدعا کی گئی تھی۔سماعت کے دوران فریقین کے وکلاء نے پولیس کی جانب سے جمع …
پمز ہسپتال میں نومولود کی حوالگی کا معاملہ، نانی کی درخواست مسترد

مزید خبریں
اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد علی وڑائچ کی عدالت نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں نومولود بچے کی حوالگی سے متعلق دائر درخواست مسترد کر دی۔
درخواست نومولود بچے کی نانی کی جانب سے دائر کی گئی تھی جس میں ہسپتال انتظامیہ سے بچے کی حوالگی کی استدعا کی گئی تھی۔سماعت کے دوران فریقین کے وکلاء نے پولیس کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کی روشنی میں اپنے دلائل مکمل کئے جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
بعد ازاں عدالت نے درخواست مسترد کرنے کا حکم سنا دیا۔پولیس کی رپورٹ کے مطابق پمز ہسپتال کے معالجین نے نومولود بچے کی والدہ کے مزید علاج کی سفارش کی ہےاور وہ تاحال ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ بچے کی والدہ کی طبی حالت کے پیشِ نظر انہیں مزید علاج کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ درخواست گزار خاتون نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ پمز انتظامیہ نومولود نواسے کی حوالگی کے بدلے رقم کا مطالبہ کر رہی ہے تاہم عدالت نے پولیس رپورٹ اور دستیاب ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد درخواست مسترد کر دی۔








