وزیراعظم شہباز شریف کی پاکستانی وفد کے ہمراہ آیت اﷲ خامنہ ای شہید کی تجہیز و تکفین کی رسومات میں شرکت، ایرانی قیادت اور سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کااظہار
وزیراعظم شہباز شریف کی ایرانی شہید سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت

مزید خبریں
تہران۔3جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی دعوت پر ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر اعلیٰ حکومتی حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ایران کے سپریم لیڈر 28 فروری 2026 کو ایران پر ہونے والے حملوں کے دوران جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔
جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے اسلام کے لئے شہید سپریم لیڈر کی گراں قدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کئی دہائیوں تک غیر معمولی بصیرت، حکمت اور دوراندیشی کے ساتھ ایرانی قوم کی رہنمائی کی۔
وزیراعظم نے سپریم لیڈر، آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای، صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور ایران کے برادر عوام کے ساتھ اس قومی سانحہ پر مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور شہید رہنما کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لئے دعا کی۔
سینیٹ چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں پارلیمانی وفد، ارکانِ پارلیمان اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی وزیراعظم کے ہمراہ جنازے میں شرکت کی۔جنازے میں شرکت کے بعد وزیراعظم ترکیہ کے سرکاری دورے پر استنبول روانہ ہوگئے۔








