سپریم اپیلٹ کورٹ نے حلقہ جی۔ بی اے 17 دیامر (تھری ) میں آٹھ پولنگ سٹیشنز کی حد تک دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم جاری کر دیا

سپریم اپیلٹ کورٹ نے حلقہ جی۔ بی اے 17 دیامر (تھری ) میں آٹھ پولنگ سٹیشنز کی حد تک دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم جاری کر دیا

گلگت۔ 03 جولائی (اے پی پی):سپریم اپیلٹ کورٹ نے حلقہ جی۔ بی اے 17 دیامر (تھری ) میں آٹھ پولنگ سٹیشنز کی حد تک دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم جاری کر دیا۔ جمعہ کے روز چیف جسٹس سردار محمد شمیم خان پر مشتمل سنگل بنچ نے سول اپیل نمبر 19 آف 2026 پر سماعت کرتے ہوئے حکم نامہ جاری کیا۔ عدالت نے رحمت خالق امیدوار کی اپیل منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو حکم دیا ہے کہ وہ متاثرہ پولنگ سٹیشنز پر فوری طور پر نئے سرے سے پولنگ کا شیڈول جاری کرے۔کیس کے پس منظر کے مطابق 7 جون 2026 کو ہونے والے عام انتخابات کے دوران اس حلقے کے متعدد پولنگ سٹیشنز پر شدید انتخابی بے ضابطگیاں اور قانون کی سنگین خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئی تھیں۔ ریٹرننگ آفیسر (RO) کی ابتدائی رپورٹس کے مطابق اسلحہ سے لیس نامعلوم افراد پولنگ سٹیشنز میں داخل ہوئے انتخابی عملے کو ہراساں کیا اور بیلٹ بکس سمیت انتخابی مواد چھین کر لے گئے جس کے باعث پولنگ کا عمل روکنا پڑا ،ان شواہد کی روشنی میں چیف الیکشن کمشنر جی بی نے 8 جون 2026 کو ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے 11 پولنگ سٹیشنز پر انتخابات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے دوبارہ پولنگ کا حکم دیا تھا تاہم بعد ازاں 15 جون 2026 کو ایک نظرثانی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے انہوں نے بنا کسی تفصیلی انکوائری کے اپنا ہی فیصلہ واپس لے لیا تھا جس کی قانونی حیثیت کو سپریم اپیلٹ کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں چیف الیکشن کمشنر کے 15 جون کے اقدام پر سخت قانونی سوالات اٹھائے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ الیکشن ایکٹ 2017 اور الیکشن رولز 2017 کے تحت چیف الیکشن کمشنر کو اپنے ہی جاری کردہ فیصلے پر اس طرح نظرثانی کرنے کا اختیار حاصل نہیں تھا اور انہوں نے رولز کے قاعدہ 6-A کے لازمی طریقہ کار کو نظرانداز کیا عدالت نے واضح کیا کہ آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 218(3) اور الیکشن ایکٹ کے سیکشن 8(C) کے تحت الیکشن کمیشن کی یہ بنیادی اور لازمی ذمہ داری ہے کہ وہ آزادانہ منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے لیکن اس کیس میں دستیاب ریکارڈ اور RO کی رپورٹس کو یکسر نظرانداز کر کے دائرہ اختیار سے تجاوز کیا گیا۔ سپریم اپیلٹ کورٹ نے اپنے حتمی فیصلے میں چیف الیکشن کمشنر کا 15 جون 2026 کا آرڈر باقاعدہ منسوخ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 8 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کروانے کا حکم جاری کیا ہے۔ عدالت نے چیف الیکشن کمشنر کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس فیصلے کی کاپی موصول ہوتے ہی کم سے کم وقت میں ان 8 مقامات پر پولنگ کی تاریخ اور نئے شیڈول کا فوری اعلان کریں تاکہ انتخابی عمل کو قانون کے مطابق مکمل کیا جا سکے۔