سیکرٹری اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور خیبر پختونخوا عطاالرحمن کی زیرِ صدارت اقلیتی برادری کے عبادت گاہوں کی سکیورٹی انتظامات بارے اجلاس منعقد ہوا
سیکرٹری مذہبی و اقلیتی امور خیبر پختونخوا کی زیرِ صدارت اقلیتی برادری کے عبادت گاہوں کی سکیورٹی انتظامات بارے اجلاس

مزید خبریں
پشاور۔ 04 جولائی (اے پی پی):سیکرٹری اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور خیبر پختونخوا عطاالرحمن کی زیرِ صدارت اقلیتی برادری کے عبادت گاہوں کی سکیورٹی انتظامات بارے اجلاس منعقد ہوا ، جس میں ڈی آئی جی سکیورٹی سجاد خان، ایس ایس پی سکیورٹی ثناء اللہ خان اورمحکمہ اوقاف کے متعلقہ افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبہ بھر میں واقع اقلیتی عبادت گاہوں کی موجودہ سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان کی حفاظت کو مزید موثر بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر عبادت گاہوں پر سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز، سرچ لائٹس، فائر سیفٹی آلات اور دیگر جدید سکیورٹی سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سیکرٹری اوقاف نے ہدایت کی کہ اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کےلیے محکمہ اوقاف اور پولیس کے مابین موثر رابطہ اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ عبادت کے دوران اقلیتی برادری کو محفوظ اور پُرامن ماحول میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا تمام شہریوں، بالخصوص اقلیتی برادریوں کے جان و مال اور مذہبی آزادی کے تحفظ کو یقینی بنانے کےلیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔








