ارلنگ ہالینڈ کے دو گولز، ناروے نے برازیل کو ورلڈ کپ سے باہر کر کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی

ارلنگ ہالینڈ کے آخری لمحات میں کیے گئے شاندار 2 گولز کی بدولت ناروے نے 5مرتبہ کی چیمپئن برازیل کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے

نیو یارک۔6جولائی (اے پی پی):ارلنگ ہالینڈ کے آخری لمحات میں کیے گئے شاندار 2 گولز کی بدولت ناروے نے 5مرتبہ کی چیمپئن برازیل کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔ شنہوا کے مطابق ارلنگ ہالینڈ کی شاندار کارکردگی نے اپنی ٹیم ناروے کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ برازیل 1990 کے بعد پہلی بار اتنی جلدی ٹورنامنٹ سے باہر ہوا ہے۔میٹ لائف سٹیڈیم ،امریکا میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز میچ میں ناروے کے گول کیپر اورجن نائی لینڈ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور میچ کے پہلے ہاف میں برونو گیماریس کی پنالٹی کک کو روک کر برازیل کو برتری حاصل کرنے سے روکا۔ اس کے بعد میچ کے آخری 11 منٹوں میں ارلنگ ہالینڈ نے 2 گول داغ کر میچ کا پسا پلٹ دیا۔ برازیل کی جانب سے میچ کے اضافی وقت میں نیمار نے پنالٹی پر واحد گول سکور کیا لیکن وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ ہالینڈ اس ٹورنامنٹ میں اب تک 7 گول سکور کر چکے ہیں اور وہ لیونل میسی کے برابر آ گئے ہیں۔ کوارٹر فائنل میں اب ناروے کا مقابلہ 11 جولائی کو میامی میں انگلینڈ یا میکسیکو سے ہوگا۔کارلو اینسیلوٹی کی نگرانی میں کھیلنے والی برازیلی ٹیم کے لیے یہ مسلسل چھٹا ورلڈ کپ ٹورنامنٹ ہے جہاں وہ کسی یورپی ٹیم کے ہاتھوں شکست کھا کر باہر ہوئے ہیں۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ارلنگ ہالینڈ کا کہنا تھا کہ یہ ناروے کی تاریخ کے دیوانہ وار اور یادگار ترین دنوں میں سے ایک ہے۔ شکست کے بعد برازیل کے سٹار فٹبالر نیمار میدان میں روتے ہوئے دکھائی دئیے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ برازیلی شرٹ میں یہ ان کا آخری میچ تھا۔

مزید خبریں