عراق کا صوبہ بصرہ کی دو آئل فیلڈز کی ترقی کے لیے امریکی کمپنی سے معاہدہ

عراقی وزارتِ تیل نے اعلان کیا ہے کہ صوبہ بصرہ میں واقع بن عمر اور سندباد آئل فیلڈز کی ترقی کے لیے امریکی کمپنی ہالی برٹن کے ساتھ پانچ سالہ مربوط انتظامی معاہدے پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔

بغداد۔6جولائی (اے پی پی):عراقی وزارتِ تیل نے اعلان کیا ہے کہ صوبہ بصرہ میں واقع بن عمر اور سندباد آئل فیلڈز کی ترقی کے لیے امریکی کمپنی ہالی برٹن کے ساتھ پانچ سالہ مربوط انتظامی معاہدے پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق وزارتِ تیل سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ معاہدہ بصرہ آئل کمپنی اور ہالی برٹن کے درمیان حکومت کی حکمت عملی اور وزیراعظم علی الزیدی کی ہدایات کے تحت عراق کی تیل و گیس کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے مقصد سے طے پایا۔معاہدے کی تقریب میں وزیرِ تیل باسم محمد خضیر العبادی نے کہا کہ یہ معاہدہ وزارت کی اس وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد خام تیل اور اس سے وابستہ قدرتی گیس کی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ معاہدے کے تحت آئندہ پانچ سال میں بن عمر آئل فیلڈ سے خام تیل کی پیداوار بڑھا کر ایک لاکھ 50 ہزار بیرل یومیہ تک پہنچائی جائے گی، جبکہ گیس کی پیداوار 300 ملین معیاری مکعب فٹ یومیہ تک بڑھنے کی توقع ہے۔وزیرِ تیل کے مطابق سندباد آئل فیلڈ سے تیل کی پیداوار بھی بڑھا کر 80 ہزار سے ایک لاکھ بیرل یومیہ تک کی جائے گی جبکہ گیس کی پیداوار 240 سے 260 ملین معیاری مکعب فٹ یومیہ تک پہنچنے کا امکان ہے، جس سے عراق کے توانائی کے شعبے کو گیس کی فراہمی میں مزید استحکام حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزارتِ تیل عالمی شہرت یافتہ توانائی کمپنیوں، بالخصوص امریکی اداروں کے ساتھ مزید معاہدے کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور سرمایہ کاری کے فروغ اور توانائی کے اہداف کے حصول کے لیے حکومتی تعاون جاری رکھا جائے گا۔باسم محمد خضیر العبادی نے بتایا کہ ہالی برٹن 2003 سے عراق میں کام کر رہی ہے۔

مزید خبریں